حلقہ پی کے82 میں بجلی کی متعدد سکیموں کی منظوری

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ کی چیف پیسکو سے ملاقات

جمعرات 5 مئی 2016 18:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے ہاؤسنگ ڈاکٹر امجد علی نے جمعرات کے روز چیف پیسکو انوارالحق یوسفزئی سے ملاقات کی اور انہیں پی کے۔82 سوات کے عوام کودرپیش بجلی کی مشکلات سے آگا ہ کیا۔ اس موقع پر چکدرہ گرڈ سٹیشن سے شموزئی کے فیڈر اوربریکوٹ گرڈ سٹیشن پرکام تیزکرکے انہیں جلدمکمل کرنے سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل سے متعلق مختلف امور کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔

معاون خصوصی کوبتایاگیا کہ بریکوٹ گرڈسٹیشن آئندہ سال اگست تک مکمل ہو جائے گا جبکہ شموزئی کے پرانے فیڈر کی بوسیدہ تاروں کو ختم کرکے نئی تار لگانے اور بریکوٹ گرڈ سٹیشن شموزئی کے لئے علیحدہ فیڈر کی منظوری دے دی گئی ہے اور حلقہ کی مختلف یونین کونسلوں میں بجلی کے پولوں کی فراہمی بھی جاری ہے۔

(جاری ہے)

معاون خصوصی نے چیف پیسکو کو یقین دہانی کرائی کہ بریکوٹ گرڈ سٹیشن قائم ہونے کے بعد چکدرہ سے شموزئی فیڈر کو ختم کردیا جائے گا تاہم ایک سال تک انہوں چکدرہ کے عوام سے تعاون مانگاہے ۔

ڈاکٹر امجد علی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے حلقہ میں بجلی کے منصوبوں کے لئے 14 کروڑ روپے کی رقوم جمع کروائی ہیں جن میں سے 73 نئے ٹرانسفارموکی تنصیب بھی ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ واپڈا کے ساتھ مکمل تعاون کرتے ہیں حلقہ میں واپڈا کے کام اپنے فنڈز سے مکمل کروارہے ہیں اور کوشش ہے کہ عوام کو اکیلا واپڈا کے رحم وکرم پر نہ چھوڑیں۔

چکدرہ، شموزئی فیڈر کے بارے میں بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹر امجد علی نے کہا کہ چکدرہ فیڈر سے متعلق جرگہ داروں اور منتخب ممبران اسمبلی نے ان کے ساتھ باربار جرگے کیئے لیکن ان کی دوغلی پالیسیوں کے باعث جرگوں کاکوئی فائدہ نہیں ہوا۔ حالانکہ یہ جرگے کمشنرمالاکنڈ اورڈی سی لوئر دیر کی سربراہی میں ہوئے جن میں ان لوگوں کا مطالبہ تھا کہ چکدرہ گرڈمیں 20/26 ایم وی اے ٹرانسفارمر نصب کیاجائے جوبعد میں 20/26 کی بجائے 40 ایم وی اے ٹرانسفارمر نصب کیاگیا لیکن یہ لوگ اپنے وعدہ سے مکر گئے اوراب ان لوگوں نے شموزئی فیڈر کے معاملہ کواپنی سیاست کامحور بنارکھاہے ڈاکٹر امجد علی نے واضح کیا کہ ان لوگوں کو بجلی کے ایشوکی بجائے دیگر معاملات پر سیاست کرنی چاہیئے ۔

بجلی شموزئی کے عوام کا بھی حق ہے اوروہ اپنے حلقہ کے عوام کے حقوق کے لئے آخری دم تک لڑیں گے اورحق دلاکر دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :