صرف نواز شریف کا نہیں،مشرف سمیت سب کا احتساب ہونا چاہیے، سراج الحق

حکومت نے اپوزیشن کے ٹی اوآر قبول نہ کئے تو مزید بحران پیدا ہو سکتا ہے،میڈیا سے گفتگو

جمعرات 5 مئی 2016 17:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اہم مواقعہ ہے احتساب صرف نواز شریف کا نہیں بلکہ سب کا ہونا چاہئے حکومت نے اگر احتساب کے لئے اپوزیشن کے ٹرمز آف ریفرنس قبول نہ کئے تو مزید بحران کا سامنا کرنا پڑے گا قوم کا ہر فرد کرپشن فری پاکستان کا نعرہ لگا رہا ہے تفصیلات کے مطابق جمعرات کے روز پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس اہم واقعہ ہے کوئی عام واقعہ نہیں اس واقعہ سے پاکستان کا نام دنیا بھر میں بدنام ہوا حکومت کو چاہئے تھا کہ پہلے ہی خود کو احتساب کے لئے پیش کر دیتی تو حکومت کے خلاف اپوزیشن کا اتنا سخت ردعمل نہ آتا انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس میں پاکستان کے دو سو سے اڑھائی سو افراد کا نام آیا ہے لہذا مشرف وزیر اعظم نواز شریف اور شریف فیملی کا احتساب نہ کیا جائے بلکہ سب کا احتساب ہونا چاہئے احتساب کا آغاز 2016 سے کیا جانا چاہئے انہوں نے کہا کہ موجودہ اور سابقہ حکومتوں نے جو پیسہ ملک سے باہر رکھا اس کا احتساب ہونا چاہئے اور واپس ملک میں لانا چاہئے انہوں نے کہا کہ پتہ لگایا جانا ضروری ہے کہ چھوٹی چھوٹی سٹیل ملز سے بڑی بڑی آف شور کمپنیاں کیسے بن گئیں اور صرف نواز شریف نہیں بلکہ پرویز مشرف ، ضیاء الحق سمیت ہر اس شخص کا احتساب ہونا چاہئے جس نے اپنی کرسی اور اختیارات کا ناجائز فائدہ اٹھایا اور پیسہ کمایا انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس شفاف تحقیقات کے لئے اگر حکومت نے اپوزیشن کی جانب سے تیار کردہ ٹی او آرز قبول نہ تو آنے والے دنوں میں حکومت خود کو مزید بحرانوں میں ڈال دے گی کیونکہ پاکستان کا ہر فرد کی زبان پر کرپشن فری پاکستان بنانے کا نعرہ ہے ۔