قانونی حیثیت نہیں ،پانامہ پیپرز کے چھپے سرپرست عدم استحکام چاہتے ہیں،خواجہ سعد رفیق

جمعرات 5 مئی 2016 16:27

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ پانامہ پیپرز کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں ،پانامہ پیپرز کے چھپے سرپرست خطے میں ہونیوالی نئی صف بندیوں کو تباہ کرنے کیلئے یہاں عدم استحکام چاہتے ہیں، اپوزیشن تنقید کرے یا تجاویز دے ، مگر فیصلے صادر نہ کرے،اپوزیشن کے جانبدارانہ اور انتقامی تجاویز کے باوجود بات چیت کے ذریعے معاملہ حل کرنے پر تیار ہیں۔

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ قائد حزب اختلاف قابل احترام ہیں مگر اْن کا بیان حقائق کے منافی ہے،اپوزیشن ٹی او آر کا واحد ہدف وزیر اعظم اور اْن کا خاندان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نواز شریف اپنے خاندان کوعدلیہ کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرنے والے پہلے پاکستانی حکمران ہیں ،کاش پیپلز پارٹی ‘ پی ٹی آئی یا ایم کیو ایم نے کبھی ایسی ایک مثال ہی قائم کی ہوتی۔

خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ پانامہ پیپرز کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں ،پانامہ پیپرز کے چھپے سرپرست خطے میں ہونیوالی نئی صف بندیوں کو تباہ کرنے کیلئے یہاں عدم استحکام چاہتے ہیں، اپوزیشن تنقید کرے یا تجاویز دے ، مگر فیصلے صادر نہ کرے،اپوزیشن کی جانبداراور انتقامی ٹی او آرز کے باوجود حکومت بات چیت کے ذریعے راستہ نکالنے کی کوشش کرے گی۔