گندم کو کیڑوں سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی ،ڈائریکٹر حشرات

جمعرات 5 مئی 2016 15:00

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء)ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ڈائریکٹر حشرات طارق نیاز نے کہا ہے کہ دو درجن سے زائد کیڑے گوداموں ، کوٹھیوں ، بھڑولوں میں ذخیرہ شدہ گندم کو 5سے 15فیصد تک نقصان پہنچا سکتے ہیں لہٰذا گندم کو مذکورہ کیڑوں سے بچانے کیلئے احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں پیدا شدہ غلہ کو ان موذی کیڑوں کے حملہ سے بچا کر ہم اپنی خوراکی ضرورت کے علاوہ دیگر ممالک کی ضروریات کو بھی پورا کر سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ بیج کو خشک اور صاف کر کے سٹور میں محفوظ کیا جائے اور سٹور کو کیڑوں سے پاک کرنے کے لئے 7 کلوگرام لکڑی فی ہزار مکعب فٹ جلا ئی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ سٹور کو 48 گھنٹے تک بند ر کھا جائے یا پھر سٹور میں محکمہ زراعت کے مقامی عملہ کے مشورہ سے سفارش کردہ زہرکا سپرے کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ گندم ذخیرہ کرنے والے افراد پرانی بوریوں کو پانی میں اسی نسبت سے زہر ملا کر اس میں ڈبوئیں اور خشک کر لیں۔ انہوں نے کہا کہ مزید احتیاط کیلئے سٹور میں زہریلی گیس والی گولیاں بحساب 40 تا 50 فی ہزار مکعب فٹ استعمال کی جا سکتی ہیں۔