پولیس حکام کو مویشی چوروں کے خلاف فوری آپریشن کریک ڈاؤن کی ہدایت

جمعرات 5 مئی 2016 14:50

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء) پولیس حکام کو مویشی چوروں کے خلاف فوری آپریشن کریک ڈاؤن کی ہدایت کردی گئی ہے جبکہ تمام زیر تفتیش مقدمات سرقہ مویشیاں میں چوری شدہ جانوروں کی برآمدگی یقینی بنانے کابھی حکم دیاگیاہے۔ انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب مشتاق احمد سکھیرا کے خصوصی احکامات کی روشنی میں ریجنل پولیس آفیسر فیصل آباد بلال صدیق کمیانہ نے تمام ایس پیز ، اے ایس پیز ،ڈی ایس پیز ، ایس ایچ اوز ،انچارج انویسٹی گیشن اور سرکل افسران کو ہدایت کی ہے کہ مویشی چوروں کے خلاف جاری مہم کو تیز کرنے سمیت تمام تر وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے مویشی چوروں کو فوری گرفتار کرکے چوری شدہ مویشیوں کی برآمدگی یقینی بنائی جائے ۔

انہوں نے کہاکہ سرکل افسران مویشی چوروں کے خلاف مہم میں خصوصی دلچسپی لیں اور جو ملزمان اس دھندے میں ملوث اور جو ان کی پشت پناہی کررہے ہیں ان کے خلاف قانون کے مطابق سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ تمام زیرتفتیش مقدمات میں برآمدگی مال مویشی کو یقینی بنایا جائے تاکہ قصور وارملزمان کوسزاملے اور معاشرے میں امن وامان کی فضاء قائم ہوسکے ۔انہوں نے کہاکہ آئندہ میٹنگ میں مویشی چوروں کے خلاف کی گئی کاروائیوں کے بارے میں خصوصی باز پرس ہو گی جبکہ ناقص کارکردگی کامظاہرہ کرنے والے افسران کے خلاف سخت محکمانہ کاروائی عمل میں لائی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :