صوبائی افسران، اساتذہ اور کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کی ریکارڈ تعداد میں ترقیاں

جمعرات 5 مئی 2016 14:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ کی سربراہی میں پراونشل سلیکشن بورڈ نے رواں سال کے دوران اب تک پی ایس بی-IIکے پندرہ اجلاسوں میں 1252صوبائی افسران، اساتذہ اور ڈاکٹروں کو گریڈ 18سے گریڈ19میں ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے۔اس ریکارڈ تعداد میں ترقی پانے والے گریڈ 18کے افسران میں سرکاری کالجوں کی 711خواتین اسسٹنٹ پروفیسرز اور 341مرد اسسٹنٹ پروفیسرز کو بطور ایسوسی ایٹ پروفیسر گریڈ19میں ترقی دی گئی ہے۔

اسی طرح ہائرایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ (کامرس ونگ) کے 58سینئر انسٹرکٹرز کو چیف انسٹرکٹرز بنا دیا گیا ہے جبکہ لڑکیوں کے سرکاری سکولوں میں تعینات 44 خواتین سینئرسبجیکٹ سپیشلسٹس اور 61مرد سینئر سبجیکٹ سپیشلسٹس کی ڈسٹرکٹ آفیسرز(ایجوکیشن ) اور پرنسپلز کے طور پر گریڈ 19میں نئی تعیناتیاں عمل میں لائی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گزشتہ 3ماہ کے دوران پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر ڈیپارٹمنٹ سے وابستہ 10کنسلٹنٹ ڈاکٹرز کو گریڈ19میں سینئر کنسلٹیٹس کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ ہوا ہے۔

پنجاب مینجمنٹ سروس سے تعلق رکھنے والے گریڈ17کے 6سیکشن آفیسرز کو ڈپٹی سیکرٹری اور ڈسٹرکٹ آفیسرز (گریڈ 18) ترقی دی گئی ہے جبکہ سابقہ پی سی ایس کیڈر کے تحت محکمہ سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن میں تعینات 21ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرز اور سپیشل جوڈیشل مجسٹریٹس کو بھی ڈپٹی سیکرٹری بنا دیا گیا ہے ۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب نے پراونشل سلیکشن بورڈ کے توسط سے افسران کی ترقی کا یہ مسلسل عمل آنے والے دنوں میں بھی جاری رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔