حکومت نے کسان ، مزدور اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دینے کا تہیہ کر رکھا ہے‘ اعجاز احمد چوہدری

جمعرات 5 مئی 2016 14:35

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے سابقہ صدر اعجاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی حکومت نے کسان ، مزدور اور عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے تکلیف دینے کا تہیہ کر رکھا ہے ، کسان اور مزدور (ن) لیگ کی حکومت کے سیاہ دور میں رل گیا ہے ، شہباز شریف اور اسکی حکومت کسانوں اور مزدورں کا معاشی قتل کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ رمضان سے پہلے مہنگائی کی لہر نے عام آدمی کی زندگی اجیرن کر دی ہے ، شریف برادرا ن نے عوام سے روٹی کا آخری نوالہ بھی چھین لیا ہے بد ترین لوڈ شیڈنگ نے غریب عوام کو شدید مشکلات کا شکار کر دیا ہے موجودہ حکومت کا ایجنڈہ غریب مکاؤ اور ملک لوٹو بن چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شریف برادران عوام کے ٹیکسوں کے پیسوں پر اقتدار کے مزے لوٹ رہے ہیں جبکہ غریب عوام دو وقت کی روٹی کو ترس گئے ہیں (ن) لیگ کی حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں سے کسان اور مزدور کا کچومر نکل گیا ہے ملک پر چوروں ، لٹیروں کا قبضہ ہے نواز شریف کو بتانا پڑے گا کہ ان کے بیٹے کھربو ں روپے بیرون ملک کیسے لیکر گئے ،ملک پر موجودبد دیانت اور کرپٹ ٹولے سے قوم کو جلد نجات ملنے والی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شہباز شریف صرف فوٹو سیشن کروا رہا ہے ، لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے والوں کو بر وقت طبعی امداد مل جاتی تو اتنے بڑے پیمانے پر ہلاکتیں نہ ہوتی ، شہباز شریف اور انکے درباریوں نے بے حسی کے سابقہ ریکارڈ تو ڑ دیے ہیں شریف برادران ملکی خزانے کو بے دردی سے لوٹ رہے ہیں خدارا حکمران ہوش کے ناخن لیں اور عوام کی بہتری اور خوشحالی کے لئے تمام وسائل کو برؤ ئے کار لائیں ، (ن) لیگ شریف خاندان کی ترقی کے بجائے ملک اور قوم کی ترقی پر توجہ دیں اور پوری (ن) لیگ شریف خاندان کے کالے کرتوت چھپانے اور توجہ ہٹانے کی خاطر عمران خان پر تنقید کرنے پر لگی ہوئی ہے۔

پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین سے بد تمیزی کے واقعات کے پیچھے (ن) لیگ کا ہاتھ ہے ، تحریک انصاف نے خواتین میں سیاسی شعور اجاگر کیا ہے ۔