انٹرمیڈیٹ کے امتحانی سنٹرز میں طلباء و طالبات کے موبائل فونز لے جانے پر پابندی،امتحانی عملہ بھی دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا

جمعرات 5 مئی 2016 13:49

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء )حکومت پنجاب نے کل 7مئی بروز ہفتہ سے فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ ،ٹوبہ ٹیک سنگھ ،چنیوٹ سمیت صوبہ بھر میں بیک وقت شروع ہونے والے انٹرمیڈیٹ کے سالانہ امتحانات 2016ء کے انعقاد کے دوران امتحانی سنٹرز میں تمام طلباء و طالبات کے موبائل فونز لے جانے پر پابندی عائد کر دی ہے۔

(جاری ہے)

ضابطہ فوجداری کی دفعہ 144کے تحت عائد کی گئی پابندی میں کہا گیا ہے کہ کسی طالب علم کو پیپرز کے دوران امتحانی سنٹر میں موبائل فون لے جانے کی اجازت نہ ہو گی جبکہ امتحانی عملہ بھی دوران ڈیوٹی موبائل فون استعمال نہیں کر سکے گا۔فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتا یا کہ اس ضمن میں تمام اضلاع کے ڈی سی اوز کو ایک حکمنامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں مذکورہ پابندی پر سختی سے عملدر آمد یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ حکام پر واضح کر دیا گیا ہے کہ اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔