Live Updates

لاہور جلسے میں‌خواتین سے بد سلوکی، پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے عمران خان کو ای میل کر دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 5 مئی 2016 13:10

لاہور جلسے میں‌خواتین سے بد سلوکی، پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے عمران ..

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔05 مئی 2016ء) : پاکستان تحریک انصاف کے لاہور جلسے میں خواتین سے بدسلوکی کے معاملے پر پی ٹی آئی کی خواتین کارکنان نے پارٹی چئیر مین عمران خان کو ای میل کر دی ہے۔ ای میل پی ٹی آئی کے میڈیا سیل کی ایڈوائزر عظمیٰ کاردار کی جانب سے عمران خان کو ارسال کی گئی۔ ای میل میں خواتین سے بد سلوکی کا ذمہ دار قیادت کو بھی ٹھہرایا گیا ہے۔

ای میل میں کہا گیا کہ خواتین انکلوژر کی ڈیوٹی پر تعینات پارٹی عہدیدارخواتین پنڈال کی بجائے اسٹیج پر براجمان تھیں جس کی وجہ سے حالات مزید بگڑ گئے۔ ای میل کے متن میں کہا گیا کہ اسٹیج پر بیٹھنے کا شوق پی ٹی آئی کے لیے مرض بنتا جا رہا ہے، مسلم لیگ نواز کا کام مسائل پیدا کرنا ہے لیکن خواتین کی سکیورٹی کی ذمہ داری سکیورٹی کے لیے متعین کی گئی پارٹی خواتین پر تھی، پارٹی قیادت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ڈیوٹی پر تعینات خواتین کو پنڈال میں ہی رہنا چاہئیے تھا۔

(جاری ہے)

ای میل میں واضح طور پر کہا گیا کہ سعدیہ کامران اور سعدیہ سہیل سمیت دیگر ایم پیز کی ڈیوٹی پنڈال میں موجود خواتین کی سکیورٹی پر لگائی گئی تھی لیکن فراز چوہدری اور کچھ افراد کے علاوہ وہاں موجود قیادت عمران خان کی جلسہ گاہ آمد کے بعد ہی سے پنڈال چھوڑ کر اسٹیج پر چلی گئی، جس کے بعد خواتین کے ساتھ بد تمیزی کا مظاہرہ کیا گیا۔یاد رہے کہ پی ٹی آئی کے لاہور جلسے میں خواتین سے بد سلوکی کا واقعہ پیش آیا تھا جس کی پارٹی چئیر مین عمران خان نے بھی شدید مذمت کرتے ہوئے الزام ن لیگی غنڈوں اور پنجاب پولیس پر عائد کیا تھا۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات