معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے، مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ، ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو داوٴ پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ، وقت آ گیا ہے کہ عوام ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں

وزیراعلیٰ شہبازشریف کی مسلم لیگ ن کے عہدیداروں سے ملاقات میں گفتگو

جمعرات 5 مئی 2016 11:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء ) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ دو ہزار تیرہ کے مقابلے میں آج کا پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہے، جبکہ پرامن، معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے۔ لاہور میں وزیراعلیٰ شہبازشریف سے مسلم لیگ ن کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال، ترقیاتی منصوبوں اور پارٹی امور پر گفتگو کی گئی۔

(جاری ہے)

وفد سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ شہبازشریف کا کہنا تھا کہ امن اور روشنی کا سفر ایک عزم کے ساتھ جاری و ساری ہے، پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جانا سب کی ذمہ داری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے، جبکہ ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو داوٴ پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے، تاہم اب وقت آ گیا ہے کہ عوام ترقی کی راہ میں رخنہ ڈالنے والوں کو منہ توڑ جواب دیں۔