منشیات انسانی زندگیوں، صحت ، جان و مال اور امن و استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے ٗ ڈی جی اے این ایف

دنیا میں ہر روز 500اموات منشیات کی زیادتی ِاستعمال کی وجہ سے رو نما ہوتی ہیں ٗ میجر جنرل ناصر دلاور شاہ

بدھ 4 مئی 2016 21:47

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) ڈی جی اے این ایف میجر جنرل ناصر دلاور شاہ نے کہا ہے کہ منشیات انسانی زندگیوں، صحت ، جان و مال اور امن و استحکام کے لئے سنگین خطرہ ہے۔ ایک اندازے کے مطابق، دنیا میں ہر روز 500اموات منشیات کی زیادتی ِاستعمال کی وجہ سے رو نما ہوتی ہیں۔ انسداد منشیات فورس کے صدر دفتر سے جاری بیان کے مطابق بین الاقوامی ڈرگ انفورسمنٹ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے میجر جنرل ناصر دلاور شاہ نے کہا کہ دنیا میں منشیات کے عادی افراد کی تعداد تقریباً 24لاکھ 60ہزار ہے جس کے نتیجے میں منشیات کے عادی افراد کے اہل و عیال بھی منشیات کی وجہ سے پیدا شدہ دشوار صورتحال کا شکار ہیں۔

اعدادو شمار کے مطابق ، انسانی زندگیوں ، صحت ، جان و مال اور امن و استحکام کے لئے عالمی سطح پر سب سے بڑا اور مستقل خطرہ منشیات کا پھیلتا ہوا ناسور ہے۔

(جاری ہے)

ڈی جی اے این ایف نے کہا کہ منشیات کے خلاف علاقائی و عالمی سطح پر کی جانے والی مشترکہ کاوشوں میں بین الاقوامی تعاون نہایت اہم و مرکزی عنصر ہے۔ بین الاقوامی سطح پر اس امر کی ضرورت ہے کہ انسداد منشیات کے اداروں کے مابین علاقائی و بین الاقوامی تعاون میں بہتری کے لئے پیشہ ورانہ احسن اقدامات کا تبادلہ، معلومات کا تبادلہ، تربیتی امور اور منشیات کی پیداوار و اسمگلنگ کے سلسلے میں تعاون بڑھانے کے لئے ایسی کوششوں کو جاری رکھا جائے ۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں علاقائی و عالمی مسائل کے عوامل پر اختلاف رائے پایا جاتا ہو ، وہاں زمینی حقائق کو مدِ نظر رکھا جائے کیو نکہ دو ریاستوں اور دو علاقائی حدود کے ماحول میں یکسانیت نہیں پائی جاتی۔ یہی وجہ ہے کہ مختلف مسائل کا یکساں حل ممکن نہیں۔

متعلقہ عنوان :