پی ٹی آئی نے کوہاٹ اوربنوں سے مولانا کی سیاست کا جنازہ نکال دیا ٗمرادسعید

مسئلہ کشمیر پر مودی سرکار اورشریف خاندان کا گٹھ جوڑ ہے ٗ شہر یار خان آفریدی

بدھ 4 مئی 2016 19:49

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے ارکان قومی اسمبلی نے کہا ہے کہ جن پختونوں کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان سیاست میں زندہ ہیں انھیں کے حقوق کا انھوں نے سودا کردیا ٗپی ٹی آئی نے کوہاٹ اوربنوں سے مولانا کی سیاست کا جنازہ نکال دیاہے۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی مراد سعید نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان نواز شریف کی محبت میں پختونوں کا سودا کرچکے ہیں ٗانکی تربیت نہیں کہ وہ دوسروں کی توہین کریں۔

شہریار خان آفریدی نے کہاکہ وفاقی حکومت نے خیبرپختونخواہ میں پبلک سروس ڈویلپمنٹ میں ایک پیسہ نہیں دیا، مسئلہ کشمیر پر مودی سرکار اورشریف خاندان کا گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمان بتائیں انھوں نے کشمیریوں کے لئے کیا کیا ہے۔

(جاری ہے)

پی ٹی آئی رہنماؤں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے جلسوں میں خواتین کو ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت نشانہ بنایا جارہا ہے، تاہم خواتین کو ہراساں کرنے کے واقعات کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے جلسے میں خواتین سے بدسلوکی کے ذمہ دار ن لیگ کا چھوٹو گینگ اور پنجاب کی انتظامیہ ہے ٗ مولانا فضل الرحمان نے پختونوں کے زخموں پر نمک پاشی کی اور ان کے ضمیر کا سودا کیا ۔ تحریک انصاف کے رہنماؤں کا کہنا تھا کہ مریم نواز کے میڈیا سیل میں عوام کے پیسے کے استعمال پر نیب سے رجوع کریں گے ۔