پاکستان اور تاجکستان کے مابین براہ راست پروازوں کا آغاز جمعہ سے ہو گا

ہر ہفتہ میں دو پروازیں لاہور سے دوشنبے اڑان بھریں گی ‘ ایک گھنٹہ 40 منٹ کا سفر33ہزار700روپے میں ہوگا تاجک سفیر شیرعلی ایس جونونوو کی پریس بریفنگ

بدھ 4 مئی 2016 19:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) پاکستان میں تاجکستان کے سفیر شیرعلی ایس جونونوو نے کہا ہے کہ دونوں ممالککی عوام کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کے لئے جمعہ سے براہ راست پروازیں شروع ہو کا آغاز ہو رہا ہے ۔تاجکستان کے سفیر نے بدھ کو یہاں ایک پریس بریفنگ میں بتایا کہ دونوں ممالک کے مابین سومون ایئر لائن کی دو پروازیں ہر ہفتہ میں پیر اور جمعہ کے روز شروع کی جا رہی ہیں ۔

دونوں ممالک کے مابین باہمی تعلقات کو فروغ دینے کا یہ ایک تاریخی اقدام ہے جس سے خصوصی طور پر کاروباری شعبہ مستفید ہو گا ۔یہ اقدام دونوں ممالک کے مابین سیاحت اور ثقافت کو مزید فروغ دے گا۔ انہوں نے کہا کہ تاجکستان کی سومون ایئر لائن کا لاہور سے دوشنبے کے مابین دوطرفہ کرایا 33ہزار700روپے ہو گا اور یہ دونوں ممالک کے مابین ایک مختصر ترین روٹ ہیں ۔

(جاری ہے)

لاہور اور دوشنبے دونوں جڑواں شہر ہیں اور امید کی جاتی ہے کہ باہمی شراکت کو مزید فروغ دیا جا سکے گا۔ دونوں ممالک کے تاجر اور کاروباری طبقہ براہ راست لاہور سے دوشنبے کا سفر کر سکتے ہیں ۔ ماضی میں پاکستانی مسافروں کو دبئی کے ذریعے 15گھنٹے کا سفر کر کے دوشنبے جانا پڑتا تھا جبکہ اب یہ سفر 1گھنٹہ 40منٹ میں مکمل ہو گا۔ سومون ایئر لائن کی توجہ مشرقی یورپ اور دوسرے ممالک کی جانب ہے ۔

دیگر ممالک کی جانب زیادہ تر فلائٹس دوشنبے سے ہی اڑان بھرتی ہیں ۔سومون ایئر لائن نے گزشتہ ماہ کے اختتام پر افغانستان کے شہر کابل سے بھی پروازوں کا آغاز کیا ہے ۔ ایئر لائن کے پاس بوئنگ 737طیارے موجود ہیں ۔ایئر لائن کے پاس فی الوقت دو بوئنگ737-900ER، دوبوئنگ 737-800sاور دو بوئنگ 737-300موجود ہیں ۔ پاکستان میں سومون ایئر لائن کے نمائندے ندیم زیڈ چیمہ نے کہا کہ فلائٹس فی الوقت کوب ،ارومچی، فرینکفرٹ، الماتے، ماسکو ، سینٹ پیٹر برگ، جدہ ، استنبول اور دبئی کا سفر کرتی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :