وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے سیلاب سے بچاؤ کیلئے کے پی کے حکومت کی سفارشات وفاقی حکومت کے سپرد کردیں

بدھ 4 مئی 2016 18:22

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے سیلاب سے بچاؤ کیلئے صوبائی حکومت کی سفارشات وفاقی حکومت کے سپرد کردئیے۔ وزیراعلیٰ نے یہ سفارشات گزشتہ روزاسلام آباد میں وفاقی حکومت کے سپرد کئے یہ سفارشات سیلاب سے تحفظ کیلئے مجوزہ دس سالہ نیشنل فلڈ پروٹیکشن پلان میں شامل کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ مجوزہ منصوبہ پانی و بجلی کے وفاقی وزارت نے ماحولیاتی تبدیلیوں کی وزارت اور صوبائی حکومتوں کے اشتراک سے وضع کرے گی۔ صوبائی حکومت نے پہلے ہی سے اس سلسلے میں مختلف محکموں کے تعاون سے سفارشات مرتب کئے ہیں۔ وزیراعلیٰ بلوچستان، پانی و بجلی اور ماحولیاتی تبدیلیوں کی وزارتوں کے وفاقی سیکرٹریز مختلف صوبائی حکومت کے اعلیٰ حکام اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے سفارشات حوالہ کرتے ہوئے اجلاس کے شرکاء کو صوبے کو درپیش ماحولیاتی تبدیلیوں اور سیلاب کے خطرات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے بچاؤ کیلئے جامع اور طویل المیعاد منصوبہ تشکیل دینے کو ناگزیر قرار دیا۔