وزیر بلدیات خیبرپختونخوا کی زیر صدارت اجلاس، محکمہ پولیس میں چیک اینڈ بیلنس کانظام متعارف کرانے کافیصلہ

اجلاس میں پولیس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مزید فعال بنانے ،عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر غوروخوض

بدھ 4 مئی 2016 18:17

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) صوبائی کابینہ کی خصوصی کمیٹی برائے پولیس ریفارمز کاایک اجلاس سینئر صوبائی وزیر بلدیات ویہی ترقی عنایت اﷲ کی زیر صدارت بدھ کے روز سول سیکرٹریٹ پشاورمیں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر تعلیم محمد عاطف ،وزیر آبنوشی شاہ فرمان ،وزیر محنت ومعدنی ترقی انیسہ زیب طاہرخیلی،سیکرٹری قانون محمد عارفین ،ایڈوکیٹ جنرل اور متعلقہ افسران نے شرکت کی ۔

اجلاس میں صوبائی پولیس کو عوام دوست بنانے ،عوام کی شکایات کے جلد از جلد ازالے ،جرائم کی روک تھام اور امن وامان کی بہتری کے لئے پولیس ایکٹ میں اصلاحات متعارف کرانے سے متعلق مختلف امور پرغور وخوض کیاگیا اور اس سلسلے میں مختلف تجاویزکا جائز ہ بھی لیاگیا۔اجلاس میں پولیس کے تنظیمی ڈھانچہ کو مزید فعال بنانے اور اسے عصر حاضر کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کی غرض سے معاملات پر غوروخوض ہوا تاکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کو ترقی کے مواقع میسر آسکیں اور وہ خوب دلجمعی سے اپنے فرائض منصبی انجام دینے کے قابل ہوسکیں۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیر بلدیات عنایت اﷲ نے کہا کہ محکمہ پولیس میں چیک اینڈ بیلنس کاعمدہ نظام متعارف کرایا جائے گا تاکہ وہ بھی ماورائے قانون کوئی قدم نہ اٹھا سکیں اور خود کو عوام کا خادم سمجھتے ہوئے انصاف کی فراہمی میں اپنا کردار ادا کرسکیں۔

متعلقہ عنوان :