چیئرمین واپڈا سے چائنا گزوبا گروپ کمپنی کے وائس پریذیڈنٹ کی ملاقات، نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا

بدھ 4 مئی 2016 18:17

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) چائنا گزوبا گروپ کمپنی کے وائس پریزیڈنٹ چن زی ہووا نے چیئرمین واپڈا ظفر محمود سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔ نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر انجینئر محمد زبیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ واضح رہے کہ چائنا گزوبا گروپ کمپنی، 969 میگاواٹ پیداواری صلاحیت کے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ پر بطور کنٹریکٹر کام کر رہی ہے اور ان کے وائس پریذیڈنٹ آج کل پاکستان کے دورے پر ہیں۔

کم لاگت پن بجلی کے ذریعے ملک میں بجلی کی کمی کودور کرنے کیلئے نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کی اہمیت کا ذکر کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا نے اس منصوبے کو نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے کنٹریکٹر اور پراجیکٹ حکام کی مربوط کوشش کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پراجیکٹ کی تینوں سائٹس پر کام تیزی کے ساتھ آگے بڑھ رہا ہے ۔

پراجیکٹ کے حوالے سے پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چائنا گزوبا گروپ کمپنی ایک معروف تعمیراتی کمپنی ہے اور انہیں امید ہے کہ کمپنی نیلم جہلم پراجیکٹ کی بروقت تکمیل کیلئے اپنی مہارت اورتمام تر ذرائع کو استعمال میں لائے گی۔چائنا گزوبا گروپ کمپنی کے وائس پریزیڈنٹ نے پراجیکٹ کی تعمیر میں درپیش امور کو حل کرنے کیلئے چیئرمین واپڈا کی ذاتی دلچسپی پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

انہوں نے یقین دلایا کہ پراجیکٹ کو نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق مکمل کر لیا جائے گا۔یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق نیلم جہلم ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا پہلا پیداواری یونٹ جولائی2017ء میں مکمل ہوگا جبکہ باقی تین یونٹس مرحلہ وار 2017ء کے آخر تک مکمل کر لئے جائیں گے۔پراجیکٹ پر مجموعی پیش رفت 80فیصد ہے ، جبکہ منصوبے کی تینوں سائٹس بشمول سی 1، سی 2اور سی3پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے ۔ اب تک سی1پر پیش رفت 78فیصد ، سی2پر 80 فیصد جبکہ سی 3 پر 83 فیصد ہے۔ ساڑھے 68کلومیٹر طویل سرنگوں میں سے 62کلومیٹر طویل سرنگوں کی کھدائی مکمل کی جاچکی ہے۔

متعلقہ عنوان :