سندھ پولیس کرپشن کیس ،سپریم کورٹ نے نیب سے 2ماہ میں مکمل رپورٹ طلب کرلی

نیب الگ تحقیقات کررہی ہے ،پولیس انکوائری سے تعلق نہیں ہے ، ایڈووکیٹ جنرل کی تجویز پرثناء اﷲ عباسی انکوائری کمیٹی کے سربراہ مقرر

بدھ 4 مئی 2016 17:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) سپریم کورٹ آف پاکستان نے سندھ پولیس فنڈز میں کرپشن سے متعلق کیس میں نیب کو 2ماہ کے اندر رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں بدھ کو پولیس فنڈز میں بدعنوانی کے معاملے کی سماعت ہوئی ۔عدالت عظمیٰ نے نیب کو پولیس فنڈز میں کرپشن سے متعلق مزید پیش رفت رپورٹ 2ماہ میں دینے کا حکم دے دیا ہے ۔

نیب کو پولیس فنڈز میں کرپشن ،بھرتیوں ،جرائم میں ملوث اہلکاروں پر آزادانہ تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

نیب نے عدالت میں رپورٹ پیش کی کہ کرپشن ،غیر قانونی بھرتیوں ،جرائم میں ملوث اہلکاروں کی انکوائری آخری مراحل میں ہے ۔عدالت نے ریمارکس دیئے کہ نیب الگ تحقیقات کررہی ہے اس کا پولیس انکوائری سے تعلق نہیں ہے ۔عدالت نے ایڈوکیٹ جنرل کی تجویز پر انکوائری کمیٹی کا سربراہ ثناء اﷲ عباسی کو مقرر کردیا ہے ۔ڈی آئی جی نعیم شیخ کا نام بھی انکوائری کمیٹی میں شامل کرلیا گیا ہے ۔عدالت میں سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کی وکیل عاصمہ جہانگیر نے موقف اختیار کیا کہ پولیس والوں کے خلاف انکوائری پولیس والوں سے نہ کروائی جائے ۔