ملک دشمن طاقتوں نے پاکستان کوہدف بنارکھاہے ،حافظ محمد سعید

بدھ 4 مئی 2016 16:23

بہاول پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مئی۔2016ء) امیر جماعت الدعوة پاکستان پروفیسرحافظ محمدسعیدنے کہاہے کہ ا مریکہ اور انڈیا کا اس وقت معاشقہ چل رہاہے اور امریکہ انڈیا کے عشق میں اندھا ہوچکاہے۔پاکستان مشکل صورتحال سے دوچارہے ۔ملک دشمن طاقتوں نے پاکستان کوہدف بنارکھاہے ۔پاکستان عالم اسلام کی قیادت اوراسکی دفاعی ومعاشی قوت بن رہاہے اسی لئے پاکستان کواس کے ایٹمی ٹیکنالوجی سے محروم کرنے کی سازش کی جارہی ہے۔

وہ مرکز البدرشکارپوری گیٹ بہاول پورمیں پریس کانفرنس اور بعدازاں جامعہ کی سالانہ تقریب سے خصوصی خطاب کر رہے تھے انہوں نے کہاکہ عالم اسلام اب دفاعی اورمعاشی لحاظ سے مغرب کی بجائے پاکستان کی طرف دیکھ رہاہے جوکہ اسلام دشمن قوتوں کیلئے باعث تشویش امرہے اوراس وقت تمام مسائل اسی سے جڑے ہوئے ہے ۔

(جاری ہے)

پاکستان کے حالات خوش آئندہیں مایوسی کی بجائے ہمیں حوصلہ افزائی کرنی چاہیے۔

حافظ محمد سعیدنے کہا کہ سیاسی اور دفاعی سطح پر حکومت اور فوج ایک ہی صفحہ پر ہیں جبکہ اس کے برخلاف غلط پراپیگنڈہ کیاجارہاہے۔ اقتصادی راہداری کامنصوبہ اور عالم اسلام کااتحاد پاکستان کیلئے انتہائی اہمیت رکھتاہے ۔اگرآئی ایم ایف اور ورلڈ بنک سے چھٹکارا چاہئے تو عالم اسلام کومتحد کرکے معاشی مسائل کوحل کیاجاسکتاہے۔ انہوں نے کہاکہ امریکی الیکشن مہم کے دوران پاکستان کواس کی ایٹمی ٹیکنالوجی ختم کرنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں کیونکہ امریکہ سمجھتاہے کہ افغانستان میں نیٹوفورسسز کی شکست اورناکامی کاباعث پاکستان ہے۔

انہوں نے کہاکہ ضرورت اس امرکی ہے کہ عوامی اورسیاسی سطح پر اتحادویکجہتی کی فضاء کوقائم کیاجائے تاکہ دشمن کی منصوبہ بندی کوناکام بنایاجاسکے۔ انہوں نے کہاکہ قومی وحدت ہی اس کاواحدعلاج ہے عالمی طاقتیں ایک سازش کے تحت سعودی عرب سمیت پوری دنیا کومعاشی مسائل سے دوچار کررہے ہیں ۔امریکہ اورمغرب کے مفادات مختلف ہیں۔ سعودی عرب کو 9/11 کاذمہ دارقراردیاجارہاہے حیرت کی بات ہے کہ اتنے سال گزرنے کے بعد آج امریکہ کواس کاخیال کیوں آرہاہے۔

انہوں نے کہاکہ پانامہ لیکس کے حوالہ سے وزیراعظم نوازشریف کو اپنی صفائی ضرور دینی چاہیے تاکہ غلط فہییوں کے دروازے بند ہوجائیں اوردودھ کادودھ اورپانی کاپانی ہوجائے۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے کمیشن بننا چاہیے اورنوازشریف کواپنے آپ کواحتساب کے لئے پیش کرناچاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں را کے ایجنٹ کی گرفتاری پرحکومتی خاموشی درست نہ ہے حساس مسئلہ پر سیاستدانوں کی خاموشی تکلیف دہ ہے۔

ملک کے دفاع پر سیاست نہیں ہونی چاہیے ہم صرف پاکستان کے ساتھ ہیں اور سیاست کرنے والوں کوسمجھائیں گے کہ پاکستان پرسیاست نہ کی جائے ۔ انہوں نے مزید کہاکہ امریکہ اور انڈیا کا اس وقت معاشقہ چل رہاہے امریکہ انڈیا کے عشق میں اندھا ہوچکاہے پہلے امریکہ کے آگے جھکتے تھے اب انڈیا کے آگے جھکتے ہیں ۔اس موقع پر مرکزی رہنما جماعة الدعوة پاکستان عبدالسلام بھٹوی۔ سیف اللہ خالد،جماعة الدعوة کے ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات احمدندیم اعوان،الشیخ عبدالطیف ،ضلعی مسئول جماعة الدعوة رانا عمرفاروق،میاں سہیل احمد ودیگر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :