فیصل آباد : وزیراعلیٰ پنجاب نے نندی پور پروجیکٹ کے برطرف ڈائریکٹر کو پنجاب کا سیکرٹری زراعت مقرر کر دیا

بدھ 4 مئی 2016 16:14

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔04 مئی۔2016ء) نندی پور پروجیکٹ میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرنے والے برطرف ڈائریکٹر محمد محمود کو وزیر اعلی پنجاب نے اچانک بحال کرتے ہوئے انہیں پنجاب کا سیکرٹری زراعت مقرر کر دیا ۔ محمد محمود جو کہ نندی پور پروجیکٹ کے ڈائریکٹر تھے ان پر الزام تھا کہ انہوں نے اس پروجیکٹ پر اچھی کارکردگی نہ صرف مظاہرہ کیا بلکہ عوام کو سبز باغ دکھا کر توانائی بڑھانے کے بارے میں بھی جھوٹ بولتے رہے ۔

جس پر اپوزیشن اور عوام کے احتجاج پر محمد محمود کو نندی پور پروجیکٹ سے علیحدہ کر دیا گیا ۔ آن لائن کو باوثوق ذرائع نے بتایا کہ سابق پروجیکٹ ڈائریکٹر محمد محمود جو کہ ایوان صدر اسلام آباد میں تعینات سرکاری قاری خوشی محمد(مرحوم ) کے صاحبزادے ہیں اور انہیں حکومت نے نوازنے کے لئے نندی پور پروجیکٹ میں ڈائریکٹر تعینات کیا محمد محمود قبل ازیں ایڈیشنل سیکرٹری وزیر اعلی پنجاب تھے جب وہ نندی پور پروجیکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ نہ کر سکے نہ صرف انہیں عہدے سے ہٹھا دیا گیا بلکہ ملک کے سب سے بڑا اعزاز نشان امتیاز بھی ان سے واپس لے لیا گیا ۔

(جاری ہے)

مگر اب دوبارہ وزیر اعلی پنجاب نے جونیئر افسر ہونے کے باوجود پنجاب کا سیکرٹری زراعت تعینات کر دیا ۔ محمد محمود نے اپنے نئے عہدے کا چارج سنبھال لیا کیونکہ نندی پور پروجیکٹ میں ہونے والی کرپشن اور مقررہ حد تک بجلی کی پیداوار نہ حاصل ہونے سے منصوبہ ناکام ہو چکا ہے اور اب پانامہ لیکس کی وجہ سے عوام کی نظریں نندی پور پروجیکٹ سے ہٹ چکی ہیں چنانچہ خاص ہونے کی وجہ سے انہیں دوبارہ ملازمت میں بحال کرتے ہوئے پنجاب کی اہم پوسٹ سیکرٹری زراعت کے عہدہ پر تعینات کر دیا گیا ۔