وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے باعث ہائی الرٹ جاری

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 مئی 2016 15:46

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔04 مئی 2016ء): وفاقی دارالحکومت میں سکیورٹی خدشات کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق پولیس ، رینجرز اور پاک فوج کے جوان اسلام آباد میں مختلف علاقوں میں گشت کر رہے ہیں۔ مشتبہ افراد کو گرفتار کرنے کے لیے کارروائیاں بھی کی جا رہی ہے۔

(جاری ہے)

انٹیلی جنس اداروں کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق بھارتی ایجنسی را اور افغان ایجنسی کے تیرہ دہشت گرد وفاقی دارالحکومت اور جڑواں شہر راولپنڈی میں داخل ہوئے ہیں، دہشت گردوں کی جانب سے، نجی گاڑیاں اور ایمبولینس استعمال کیے جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے،جس کی بنا پر انٹیلی جنس اداروں نے سکیورٹی اداروں کو ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے ، الرٹ کے مطابق دہشت گرد اہم سرکاری عمارتوں، ہوٹلز، فوجی تنصیبات سمیت تعلیمی اداروں کو بھی نشانہ بنا سکتے ہیں۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہائی الرٹ کے پیش نظر اسلام آباد کی اہم عمارتوں میں سرچنگ کا عمل بھی جاری ہے۔ جبکہ تمام سکیورٹی اداروں کو ہمہ وقت ہائی الرٹ رہنے کی ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔ دوسری جانب ذرائع نے بتایا کہ وزارت داخلہ کی ہدایت پر متعلقہ تعلیمی، سرکاری اور کاروباری اداروں کو مطلع کر دیا گیا ہے۔