سپریم کورٹ کا شیشہ مصنوعات کی درآمدات پر پابندی کا حکم ‘ حکومت سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب

بدھ 4 مئی 2016 14:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔04 مئی۔2016ء) سپریم کورٹ نے شیشہ مصنوعات کی درآمدات پر پابندی کا حکم دیتے ہوئے حکومت سے ایک ماہ میں رپورٹ طلب کر لی ہے۔ بدھ کو یہاں جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ میں شیشہ کی روک تھام سے متعلق کیس کی سماعت کی جس دوران وکیل کے پی نے عدالت کو بتایا کہ شیشہ میں پانی کی جگہ شراب اور تمباکو کے ساتھ چرس بھی استعمال ہوتی ہے ۔

(جاری ہے)

جسٹس گلزار احمد نے استفسار کیا کہ شیشہ سینٹرز پر پابندی کے باوجود شیشہ کیوں درآمد کیا جا رہا ہے اور حکومتوں نے شیشہ اور تمباکو نوشی کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کئے؟ اس پر وفاق کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شیشہ پر پابندی کے بعد اسلام آباد میں کارروائیاں کی جا رہی ہیں جس پر جسٹس گلزار احمدنے کہا کہ اسلام آباد کے کسی کیفے میں جا کر دیکھیں ‘میں نے خود ایک جگہ پر دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شیشہ پینا مضر صحت ہے لیکن لوگ اب شیشہ اپنے اپنے گھروں میں رکھنے لگے ہیں۔عدالت نے شیشہ کی درآمدات پر پابندی عائد کرتے ہوئے حکومت سے ایک ماہ میں شیشہ مصنوعات پر پابندی کے بعد رپورٹ جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :