اسلام آباد، ریڈزون سمیت جڑواں شہروں کی اہم عمارتوں و تعلیمی اداروں میں دہشتگردی کے خطرے کا الرٹ جاری

بدھ 4 مئی 2016 14:08

اسلام آباد/ راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) حساس اداروں نے ریڈزون سمیت جڑواں شہروں کی اہم عمارتوں و تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا، جس کے بعد راولپنڈی اور اسلام آباد کی سیکیورٹی سخت کر دی گئی،پولیس، رینجرز اور حساس اداروں نے علامہ اقبال ،قائداعظم اور نسٹ یونیورسٹیز، شکریال، پیرودہائی سمیت دیگر علاقوں میں کارروائی کے دوران 3دہشت گردگرفتار کرکے اسلحہ باروداور مقامات کے نقشے برآمد کرلئے۔

بدھ کو میڈیا رپورٹس کے مطابق حساس اداروں نے اسلام آباد اور راولپنڈی کی اہم عمارتوں اور تعلیمی اداروں میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیاہے، جس کے بعدڈ جڑواں شہروں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی، خفیہ الرٹ میں اسلام آباد کے ریڈ زون اور دونوں شہروں کے بڑے ہوٹلزمیں دہشت گردانہ کارروائی کا خدشہ ظاہر کیا گیا۔

(جاری ہے)

دوسری طرف حساس اداروں، رینجرز اور پولیس نے راولپنڈی کے علاقوں فوجی کالونی، شکریال اور پیرودہائی میں سرچ آپریشن کے دوران مبینہ طور پر 3دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ہے، گرفتار افراد سے اسلحہ، بارود اور اہم مقامات کے نقشے بھی برآمد کئے گئے ہیں جنہیں مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، سرچ آپریشن کے دوران 9افغانیوں سمیت 30مشکوک افرادکو بھی گرفتارکیا گیا ہے، ان افراد کا تعلق پاک افغان سرحدی علاقے سے بتایا جاتا ہے جبکہ پولیس، رینجرز اور پاک فوج کے جوانوں نے آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے منظوری کے بعد علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی، قائد اعظم یونیورسٹی اور نسٹ یونیورسٹی میں بھی سرچ آپریشن کیا ہے۔

متعلقہ عنوان :