اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے ٹی او آرز بنائے،احتساب کے عمل کا آغاز وزیراعظم سے ہونا چاہیے،اپوزیشن کا اتحاد بہت اچھا آغاز ہے،وزیراعظم 1985 سے تمام ذرائع آمدن اثاثوں کی تفصیل اور ٹیکس کا بتائیں

سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 4 مئی 2016 14:06

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء) سینیٹ میں قائد حزب اختلاف اعتزاز احسن نے کہا ہے کہ اپوزیشن جماعتوں نے اتفاق رائے سے ٹی او آرز بنائے،احتساب کے عمل کا آغاز وزیراعظم سے ہونا چاہیے،اپوزیشن کا اتحاد بہت اچھا آغاز ہے،وزیراعظم 1985ء سے تمام ذرائع آمدن اثاثوں کی تفصیل اور ٹیکس کا بتائیں۔ وہ بدھ کو یہاں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ضیاء الحق کے خلاف جب ایم آر ڈی بنی تو اس میں بھی مختلف جماعتوں میں کم ہم آہنگی تھی، نواز شریف جب وزیر اعلیٰ تھے تو اس وقت سے اپنے اثاثے، ٹیکس اور آمدنی سے متعلق بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے بیٹے نے اربوں روپے کی جائیداد لندن میں ہونے کا بیان دیا، بتایا جائے کہ یہ پیسہ کس طرح بیرون ملک گیا، ٹیکس ادا کیا گیا یا نہیں،جب ٹیکس ادا نہیں کیا تو پیسہ کیسے بنایا، یہ پیسے کمیشن اور کک بیک سے حاصل کئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے اتفاق رائے سے ٹی او آرز بنائے ہیں، وزیراعظم اپوزیشن کے ٹی او آرز پر خود کو احتساب کیلئے پیش کریں، آف شور کمپنیاں اور پردے کے پیچھے جو نام ہیں بتائیں۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے عمل کا آغاز وزیراعظم سے ہونا چاہیے،اپوزیشن کا اتحاد بہت اچھا آغاز ہے،وزیراعظم 1985ء سے تمام ذرائع آمدن اثاثوں کی تفصیل اور ٹیکس کا بتائیں