ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کیلئے 14ارب3کروڑ70لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری

بدھ 4 مئی 2016 13:37

اسلام آباد ۔ 4 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء) وزارت منصوبہ بندی و ترقیات نے رواں مالی سال 2015-16ء کے سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگراموں میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے مجموعی طور پر 14ارب3کروڑ70لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔ حکومت نے رواں مالی سال میں ہائرایجوکیشن کمیشن کے ترقیاتی منصوبوں کے لئے 19ارب 98کروڑ 48لاکھ روپے سے زائد کے فنڈز مختص کئے ہیں۔

(جاری ہے)

پلاننگ کمیشن کے جاری کردہ اعدادو شمار کے مطابق حکومت نے جامشورو میں مہران یونیورسٹی کے لئے 15کروڑ، لاہور میں یونیورسٹی آف ہیلتھ کیلئے 2کروڑ 50لاکھ، اسلام آباد میں شہید ذوالفقار علی بھٹو میڈیکل کالج کے لئے 20کروڑ، فل برائٹی سکالر شپ کے لئے 50کروڑ، پشاور میں زرعی یونیورسٹی میں باؤنڈری وال کے لئے6کروڑ، راولپنڈی میں فاطمہ جناح ویمن یونیورسٹی کے لئے 8کروڑ،20لاکھ، میرپور میں کالج یونیورسٹی اپ گریڈیشن کے لئے 15کروڑ، خیبرپختونخوا میں یونیورسٹی آف پشاور کے لئے 40کروڑ، یونیورسٹی آف پونچھ کے لئے 10کروڑ، این ای ڈی یونیورسٹی کراچی کے لئے 13روڑ 69لاکھ، یونیورسٹی آف کراچی کے لئے 17کروڑ روپے سمیت مختلف ترقیاتی منصوبوں کے لئے فنڈز جاری کر دئیے ہیں۔