آرمی چیف کا آفتاب احمد کی موت کی تحقیقات کا حکم

بدھ 4 مئی 2016 11:54

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔04 مئی۔2016ء ) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد کے انتقال کے حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آفتاب احمد کے انتقال کے حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔ اس سے قبل رینجرز نے بھی واقعے کے محرکات جاننے کیلئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔ ترجمان رینجرز کے مطابق کمیٹی ڈی جی رینجرز بلال اکبرکی ہدایت پرقائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکٹر کمانڈر جلدازجلد تحقیقات کو مکمل کرکے حقائق سامنے لائیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد گذشتہ روز دوران حراست انتقال کرگئے تھے۔ آفتاب احمد کو رینجرز نے یکم مئی کو ایف بی ایریا سے گرفتار کیا تھا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیا تھا اور انہیں گذشتہ روز تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لایا گیا، جہاں وہ ہنگامی امداد ملنے کے باوجود دم توڑ گئے تھے۔

متعلقہ عنوان :