آفتاب احمد کا انتقال ، آرمی چیف نے تحقیقات کا حکم دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 مئی 2016 10:44

آفتاب احمد کا انتقال ، آرمی چیف نے تحقیقات کا حکم دے دیا

روالپنڈی(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔04مئی۔2016ء) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد کے انتقال کے حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے آفتاب احمد کے انتقال کے حقائق جاننے کیلئے تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے ہدایت کی ہے کہ اس معاملے میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔اس سے قبل رینجرز نے بھی واقعے کے محرکات جاننے کیلئے اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی کمیٹی قائم کی تھی۔ترجمان رینجرز کے مطابق کمیٹی ڈی جی رینجرز بلال اکبرکی ہدایت پرقائم کی گئی ہے، جس کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے۔

(جاری ہے)

ترجمان کا کہنا ہے کہ سیکٹر کمانڈر جلدازجلد تحقیقات کو مکمل کرکے حقائق سامنے لائیں گے۔

ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ متحدہ قومی موومنٹ کے رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کے کوآرڈی نیٹر آفتاب احمد گذشتہ روز دوران حراست انتقال کرگئے تھے۔آفتاب احمد کو رینجرز نے یکم مئی کو ایف بی ایریا سے گرفتار کیا تھا اور انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 90روزہ ریمانڈ پر رینجرز کی تحویل میں دیا تھا اور انہیں گذشتہ روز تشویشناک حالت میں جناح اسپتال لایا گیا، جہاں وہ ہنگامی امداد ملنے کے باوجود دم توڑ گئے تھے۔

دوسری جانب رینجرز کے ترجمان کی جانب سے جاری کردہ تین سطری بیان میں کہا گیا ہے کہ ڈائریکٹر رینجرز سندھ بلال اکبر کے حکم پر آفتاب احمد کی موت کے محرکات کا جائزہ لینے کے لیے اعلیٰ سطح کی کمیٹی قائم کر دی گئی ہے، جس کی سربراہی رینجرز سیکٹر کمانڈر کریں گے۔رینجرز کے اعلامیے میں یہ واضح نہیں کیا گیا کہ یہ کمیٹی کتنے روز میں اپنی تحقیقات مکمل کرے گی، صرف یہ کہا گیا ہے کہ کہ جلد از جلد تحقیقات مکمل کر کے حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

رینجرز نے آفتاب احمد کو حراست میں لینے کے بعد انسداد دہشت گردی کی عدالت سے 90 روز کا ریمانڈ لیا تھا۔ ا±ن پر ٹارگٹ کلنگ، اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث ہونے کا الزام تھا۔رینجرز کے اعلامیے میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واقعے میں ممکنہ طور پر ملوث اہلکاروں کو معطل کر دیا گیا ہے، تاہم ان کی تعداد اور عہدوں کے بارے میں کوئی معلومات نہیں دی گئیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کی جانب سے آفتاب احمد کی ہلاکت کے خلاف آج کو یوم سوگ منایا جا رہا ہے۔

متعلقہ عنوان :