حافظ آباد‘بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقم نہ ملنے پر خواتین کااحتجاجی مظاہرہ ‘نعرہ بازی کی

منگل 3 مئی 2016 22:53

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقم نہ ملنے پر خواتین نے ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور نعرہ بازی کی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنڈی بھٹیاں کے ملازمین نے فراڈ کر کے ان کے اے ٹی ایم کارڈز کے ذریعے رقم نکلوا رہے ہیں۔پنڈی بھٹیا ں کے مختلف دیہات کی رہائشی درجنوں غریب مستحق خواتین نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت امدادی رقم نہ ملنے اور ملازمین کے ناروا رویہ اور فراڈ کے خلاف ڈی پی او آفس کے سامنے احتجاجی مظاہر کیا ۔

دونوں ٹانگوں سے محروم 40سالہ خاتون بھی اپنے بھائی کے کندوں پر بیٹھ کر مظاہر ہ میں شریک ہوئی ۔مظاہرہ میں شریک خواتین کا کہنا تھا کہ انہیں امدادی رقوم کی صرف دو قسطیں ملی ہیں جبکہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام پنڈی بھٹیاں کے ملازمین نے دھوکہ دہی اور فراڈ سے ان سے اے ٹی ایم کارڈز لے لئے ہیں اور وہ خود ہی بینک سے ان کے نام پر آنے والی امدادی رقم نکلوا کر کھا جاتے ہیں لیکن ان تک وہ رقم نہیں پہنچاتے ۔

(جاری ہے)

بعض بیوہ خواتین کا کہنا تھا کہ ان کے گھر کا نظام انہیں پیسوں پر چلتا تھا لیکن اب انہیں گھر کے اخراجات چلانے میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہاہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کی امدادی رقوم ان تک پہنچائی جائے اور جن ملازمین نے فراڈ اور دھوکہ دہی سے ان کی رقم بینکوں سے نکلوائی ہے ان کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔اس سلسلہ میں ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ کا کہنا تھا کہ خواتین کی امدادی رقوم لو ٹنے والوں کے خلا ف سخت قانونی کاروائی کی جائے گی ۔سادہ لوح اور شریف شہریوں کو فراڈ کر کے لوٹنے والے ایک گینگ کو پہلے ہی گرفتار کیا جا چکا ہے اور بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین کی امدادی رقوم لوٹنے والوں کے خلاف بھی سخت ایکشن لیا جائے گا۔