جماعت اسلامی کے تحت 22مئی کو بچوں کی” کرپشن فری پاکستان واک“ ہو گی ،سراج الحق خصوصی خطاب کریں گے

مہم کو بھر پور اور کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن آئینی اور جمہوری طریقے اختیار کیے جائیں گے ۔حافظ نعیم الرحمن

منگل 3 مئی 2016 22:34

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی کے تحت ملک بھر میں جاری کرپشن فر ی پاکستان مہم کے سلسلے میں اتوار 22مئی کو کراچی میں بچوں کی کرپشن فری واک منعقد ہو گی ۔امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق واک سے خصوصی خطاب کریں گے ۔اس بات کا فیصلہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں نظم حلقہ کراچی کے اجلاس میں کیا گیا ۔

اجلاس میں کرپشن فری پاکستان مہم کے سلسلے میں کراچی میں ہو نے والی سر گرمیوں کا جائزہ لیا گیا اور انہیں مزید بہتر کر نے کا عزم کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس میں گفتگو کر تے ہوئے کہا کہ جماعت اسلامی نے کراچی سے کرپشن کے خلاف دستخطی مہم کا بھی آغاز کر دیا ہے یہ مہم مختلف طریقوں سے آگے بڑھا ئی جائے گی اور اس مہم کو بھر پور اورکامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن آئینی اور جمہوری راستے اختیار کیے جائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے کرپشن میں ملوث عناصر کے چہرے بے نقاب کر دیئے ہیں ۔حکمرانوں نے ہر دور میں کر پشن کی ہے اور کرپشن کو تحفظ فراہم کیا ہے ۔قومی دولت کو لوٹ کر بیرونِ ملک منتقل کیا ہے ۔حکمرانون کی کرپشن اور قومی دولت کی لوٹ مار نے ملک اور قوم کو تباہی سے دوچا ر کیا ہے اور ملک کے 20کروڑ عوام اس سے متاثر ہو رہے ہیں ۔قوم کا بچہ بچہ قرضوں کے بوجھ تلے دبا ہوا ہے ۔قومی اداروں کو فروخت کیا جارہا ہے ۔مزدوروں کو بے روز گار کیا جا رہا ہے ۔یہ امر باعث حیرت ہے کہ پاکستان اسٹیل مل تباہ ہو کر بند ہو رہی ہے لیکن حکمرانوں کی ملیں اور فیکٹریاں ترقی کر رہی ہیں ۔