مسلم دنیا کے حکمران شام میں روس کی کھلی جارحیت کو روکنے میں کردار ادا کریں،ذکراللہ مجاہد

بشارالا سد لاکھوں بے گناہ مسلمانوں کے قتل کا ذمہ دار ہے شامی مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی ریلی ذ کر اللہ مجاہد امیر جماعت اسلامی لاہور ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور جبران بن سلمان اور جے آئی یوتھ لاہور کے صد ر شاہد نوید ملک کا خطاب

منگل 3 مئی 2016 22:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکراللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مسلم دنیا کے حکمران شام میں روس اور دیگر ممالک کی کھلی جارحیت کو روکنے میں اپنا کردار ادا کریں ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز وحدت روڈ پر اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کی اپنے شامی بھائیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ریلی میں اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم جبران بن سلمان اور جے آئی یوتھ لاہور کے صدر شاہد نوید ملک نے بھی خطاب کیا ۔ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ شام میں چالیس سال سے اسد خاندان حکمرانی کر رہاہے اس کی آمریت سے چھٹکار ا حاصل کرنے لیے مارچ 2011سے شروع ہونے والی عوامی تحریک ابھی تک اپنے پختہ عزم کے ساتھ جاری و ساری ہے اور لازوال قربانیوں کی تاریخ رقم کر رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ شام میں اب تک 94ہزار سے زائد افراد مارے جا چکے ہیں عرب ممالک ، اقوام متحدہ اور عالمی برادری شام میں جاری خانہ جنگی کی مذمت تو کر رہے ہیں لیکن اس خانہ جنگی کے خاتمے کے لیے عملی کردار ادا کرنے سے قاصر نظر آتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ بشارالاسد کو فی الفور اقتدار سے علیحدگی اختیار کرنے چاہیے کیونکہ اس وقت شامی ملکی صورتحال کے پیش نظر وہ حکومت کرنے کا ہر طرح کا جوا ز کھو چکے ہیں اور جو ممالک بشارالاسد کے ساتھ تعاون کررہے ہیں وہ شامی عوام پر ظلم ڈھارہے ہیں ۔

بشارالاسد کے ہاتھ ہزاروں شامی مسلمانوں کے خون سے رنگے ہوئے ہیں ۔ ذکراللہ مجاہد نے کہا کہ پاکستان کے وزیر اعظم ، آرمی چیف اور دفتر خارجہ کو اس ظلم و بربریت کو روکنے کے لیے اپنا کردار کرنا چاہیے۔انہوں نے برادر اسلامی ملک ایران سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ اس موقع پر عالم اسلام کے حقیقی قائد کا کردار ادا کرے اور قاتل اور جابر بشارالاسد کی بجائے شام کی مظلوم عوام کا ساتھ دے۔

تمام مسلمان ممالک کے حکمران اور عالمی انسانی حقوق کے علمبردار وں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مشرقی و سطی کو تاریک دورمیں دھکیلنے سے بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کریں ۔ اس موقع پر ناظم اسلامی جمعیت طلبہ لاہور کے ناظم سلمان بن جبران نے کہاکہ ہم تعلیمی اداروں کے اندر لبرل اور سیکولر کلچر کا پروان چڑھانے کی مہم کو عام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔