میری مذاکرات کی پیشکش کا مذاق اڑا کر رابطہ کمیٹی نے ثابت کرد یا انہیں قوم سے زیادہ ایک شخص عزیز ہے ، آفاق احمد

اب یقینا قوم سمجھ گئی ہوگی کون کراچی کے حالات بہتر کرنا اور کون جوں کے توں رکھ کر تباہی و بربادی کا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہے ، متحدہ سے مہاجر قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 22:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔03 مئی۔2016ء) مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ کراچی سے تصادم کی فضا کے خاتمے اور مہاجر قوم کے مسائل حل کرنے کیلئے میری مذاکرات کی پیشکش کا مذاق اڑا کر رابطہ کمیٹی نے ثابت کردیا کہ انہیں قوم سے زیادہ ایک شخص عزیز ہے ،اب یقینا قوم سمجھ گئی ہوگی کہ کون کراچی کے حالات بہتر کرنا اور کون جوں کے توں رکھ کر تباہی و بربادی کا کھیل جاری رکھنا چاہتا ہے ۔

اپنی رہائش گاہ پر متحدہ سے مہاجر قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کرنے والے افراد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ شخصیت پرستی کسی بھی قوم کیلئے تباہی کا باعث ہے اس لئے اگر اپنی قوم کا سہارا بننا ہے تو خود کو شخصیت کے بجائے نظریہ سے جوڑنا ہوگا کیونکہ قومیں نظریہ کی بنیاد پر ہی تشکیل پاتی اور قائم رہتی ہیں ۔

(جاری ہے)

آفاق احمد نے کہا کہ اسوقت حالات اچھے نہیں ہیں، کسی ایک شخص کی غلطی اور ملک دشمنی کی بنیاد پر پوری مہاجر قوم اور مہاجر نوجوانوں پر راء سے تعلقات کی تہمت لگانے والوں کو اپنی اصلاح کرنی چاہئے ۔

آفاق احمد نے کہا کہ ہمیں صرف اپنی قوم کا مستقبل عزیز ہے ،قوم کو بچانے کیلئے جہاں تک ہوسکا کوششیں کریں گے اور اس کوشش پر تنقید سے ہمارا عزم اور حوصلہ کمزور نہیں ہوگا کیونکہ نامساعد حالات اور دشواریوں کا سامنا کرنے کا حوصلہ ناصرف موجود ہے بلکہ ہمیشہ ثابت بھی کیا ہے ۔آفاق احمد نے کہا کہ متحدہ کی غلط پالیسیوں اور کارکنوں کو تصادم کی سیاست کا ایندھن بنانے کی وجہ سے لوگ اسے چھوڑ کر اگر مہاجر قومی موومنٹ میں شمولیت اختیار کررہے ہیں تو اس پر خفا ہونے کی بجائے متحدہ کو اپنے رویئے درست کرنے چاہئے ،مہاجر قومی موومنٹ کے ساتھ صرف مہاجر نظریہ کی بنیاد پر جڑا جاسکتا ہے اور سیکڑوں لوگوں کی شمولیت نے ثابت کردیا ہے آج بھی مہاجر نظریہ پر کاربند نوجوانوں کی کمی نہیں ۔

آفاق احمد نے کہا کہ قوم کے بہتر مستقبل اور تصادم کی سیاست دفن کرنے کیلئے مہاجر قومی موومنٹ کے دروازے سب کیلئے کھلے ہیں ،ہر وہ شخص جو تنظیمی سوچ و فکر کا مالک اور قوم کا درد رکھتا ہو اسے کھلے دل سے قبول کریں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری مذاکرات کی پیشکش کا مذاق اڑانے والوں کا طرز عمل قوم کے سامنے ہے قوم اچھی طرح جان گئی ہے کہ کون شہر کا امن بحال اور کون تباہ کرنا چاہتا ہے ،مہاجر عوام اپنے بچوں کو محاذ آرائی کا ایندھن بننے سے بچائیں اور روشن و محفوظ مستقبل کیلئے سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں ،مہاجر قومی موومنٹ انکے ہر درست فیصلے میں انکے ساتھ کھڑی ہوگی ۔

متعلقہ عنوان :