پیمرا کی جانب سے نجی ٹی وی چینل پر عائد جرمانے کی سزا کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا

منگل 3 مئی 2016 22:20

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) پیمرا کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کرنے پر نجی ٹی وی چینل کو عائد جرمانے کی سزا کو اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کر دیا گیا ہے ۔ نجی ٹی وی چینل اے آر وائی نے پیمرا کی جانب سے 1لاکھ روپے جرمانے کی سزا ء کو چیلنج کیا ہے ۔ پیمرا نے 4اپریل 2016کو اے آر وائی کو 30دن میں ایک لاکھ روپے جرمانے کی ادائیگی کا حکم دیا تھا ۔

(جاری ہے)

پیمرا کی کونسل آف کمپلینٹس نے شکایت کنندہ اور اے آر وائی کے نمائندوں کوسننے کے بعد یہ حکم جاری کیا تھا ۔ شکایت کنندہ کے مطابق اے آر وائی نیوز کے اینکرپرسن ڈاکٹر دانش نے ملکی آئین کے خلاف پروگرام کیا تھا۔ پیمرا کے 4اپریل کے مراسلہ کے مطابق پیمرا کی شکایات کونسل نے اپنے اجلاس میں متنازعہ پروگرام کی سی ڈی چلا کر اس کا بغور جائزہ لیا ، جس کے خلاف نجی ٹی وی چینل نے عدالت عالیہ سے رجوع کرتے ہوئے پیمرا کی جانب سے ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی ہے ۔