پی پی آئی بی نے تھر میں کوئلے کے 330،330میگاواٹ کے دو نئے منصوبوں کے قیام کی منظوری دیدی

وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے مقامی وسائل کے استعمال کو ترجیح دی جارہی ہے، تھر میں 175 ارب ٹن کے ذخائر ہیں ،ا ن کو پہلے استعمال نہیں کیا گیا ،موجودہ حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار ان کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے وفاقی وزیر پانی وبجلی خواجہ آصف کا پی پی آئی بی بورڈ کے اجلاس سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 22:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے مقامی وسائل کے استعمال کو ترجیح دی جارہی ہے، تھر میں 175 ارب ٹن کے ذخائر ہیں جن کو پہلے استعمال نہیں کیا گیا لیکن موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ان کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ سستی بجلی کا حصول ممکن ہو۔

وہ منگل کو یہاں پی پی آئی بی بورڈ کے 105ویں اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔ان کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں پی پی آئی بی نے تھر میں کوئلے کے 330،330میگاواٹ کے دو نئے منصوبوں کے قیام کی منظوری دی، یہ دونوں منصوبے سندھ میں تھر کے علاقے میں مقامی کوئلے سے لگائے جائیں گے،330میگاواٹ کا ایک منصوبہ حب پاور کمپنی اور 330میگاواٹ کا دوسرا منصوبہ تھل پاور کمپنی قائم کرے گی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف کی زیر صدارت پی پی آئی بی بورڈ کے اجلاس میں پی پی آئی بی کے ایم ڈی شاہجہان مرزا اور سیکرٹری پانی و بجلی نے بھی بجلی کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی ۔اجلاس کے دوران خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ محمد آصف نے کہا کہ وسط اور طویل مدتی منصوبوں کیلئے مقامی وسائل کے استعمال کو ترجیح دی جارہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ تھر میں 175 ارب ٹن کے ذخائر ہیں جن کو پہلے استعمال نہیں کیا گیا لیکن موجودہ حکومت نے پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار ان کو استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے تا کہ سستی بجلی کا حصول ممکن ہو، اس طرح پن بجلی کے منصوبوں پر بھی خاص توجہ دی جا رہی ہے۔ اس موقع پر پی پی آئی بی کے ایم ڈی شاہجہان مرزا نے جاری منصوبوں کی پیش رفت سے وزیر دفاع خواجہ آصف کو آگاہ کیا اورخاص طور پر وہ منصوبے جو چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبہ کے ترجیحی منصوبے ہیں اور بتایا کہ تمام منصوبوں کو وقت پر مکمل کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آر آئی این جی کے تحت شیخوپورہ میں 220 میگاواٹ کا منصوبہ اٹلس گروپ کی طرف سے لگایا جا رہا ہے، پی پی آئی بی اس وقت سی ڈی ایف سی کے تحت 11000میگاواٹ کے منصوبوں پر کام کر رہا ہے۔ سیکرٹری پانی و بجلی نے بھی بجلی کے دیگر منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی جو 2018 تک مکمل ہوں گے۔ بورڈ نے پی پی آئی بی کے کارکردگی کو سراہا اور منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیا

متعلقہ عنوان :