موجودہ وزیراعظم سمیت ہر کرپٹ آدمی کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے ،لیاقت بلوچ

جن جن پارٹیوں میں کرپٹ لوگ چھپے ہوئے ہیں پارٹیاں ازخود ایسے لوگوں کو نکال باہر کردیں ملک میں اس وقت روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے، میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 21:56

کراچی/کشمور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے جنرل سیکرٹری لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ موجودہ وزیراعظم سمیت ہر کرپٹ آدمی کا بلاامتیاز احتساب ہونا چاہئے تاکہ ملک میں شفافیت اور عوام کے وسائل عوم پرہی خرچ ہوسکیں،جن جن پارٹیوں میں کرپٹ لوگ چھپے ہوئے ہیں پارٹیاں ازخود ایسے لوگوں کو نکال باہر کردیں ملک میں اس وقت روزانہ 12ارب روپے کی کرپشن ہورہی ہے،جہاں روزانہ اتنے بڑے پیمانے پر کرپشن ہورہی ہو وہ ملک کیاترقی کرے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمور میں تنظیمی دورے کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر صوبائی امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی،ممتاز حسین سہتو،حافظ نصراﷲ عزیز،عبدالحفیظ بجارانی بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی گذشتہ تین ماہ سے کرپشن کیخلاف منظم طریقے سے مہم چلارہی ہے تاکہ کوئی بھی کرپٹ فرد ایوان اقتدار تک نہ پہنچ سکے۔

انہوں نے کہا کہ خوشحال،اسلامی اور کرپشن سے پاک پاکستان کیلئے اب کرپٹ قیادت سے نجات ناگذیر ہے۔جماعت اسلامی ظلم،ناانصافیوں،کرپٹ قیادت اور کرپشن کیخلاف ،اصلاح معاشرہ کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔قبل ازیں انہوں نے ضلع بھر کے اجتماع ارکان سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے زور دیا کہ ارکان جماعت تعلق باﷲ اور اپنے اخلاق وکردار کو ہتھیار بناتے ہوئے لوگوں کی دلوں کو فتح اور اپنے رب کو راضی کریں۔اس موقع پر انہوں نے ضلع بھر کے سیاسی،سماجی،تنظیمی کاموں کا جائزہ اور ذمہ داران کو خصوصی ہدایات دیں۔