زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹراورسٹی سپورٹس گالہ اختتام پذیر ہوگیا

منگل 3 مئی 2016 21:42

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) زرعی یونیورسٹی فیصل آباد میں انٹراورسٹی سپورٹس گالہ اختتام پذیر ہوگیا۔ یونیورسٹی میں پاک امریکہ مرکز اعلیٰ تعلیمات ایگریکلچرو فوڈ سیکورٹی اور ہال وارڈن آفس کے اشتراک سے طالبات کے مابین سائیکلنگ‘ بیڈ منٹن‘باسکٹ بال ‘ ٹیبل ٹینس اور اتھلیٹکس کے مقابلے منعقد ہوئے۔

خدیجتہ الکبریٰ ہال میں منعقدہ اختتامی میچ کی تقریب کے مہمان خصوصی زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر اقرار احمد خاں تھے جبکہ رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل خاں نے مہمان اعزاز کے طور پر اختتامی میچ دیکھا۔ اس موقع پر یونیورسٹی کے وائس چانسلرڈاکٹر اقراراحمد خاں نے کہا کہ یونیورسٹی میں اولمپکس سہولیات کا حامل سپورٹس کمپلیکس تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ تمام کھیلوں کے حوالے سے شعبہ جات سے پریزیڈنٹ و وائس پریزیڈنٹ کیلئے نامزدگیوں کا عمل مکمل ہونے کے بعد کھیلوں کے میدانوں کو بھرپور انداز میں آباد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی انتظامیہ بین الاقوامی طرز پر کھیلوں کا کریڈٹ آور بھی متعارف کروائی گی تاکہ کھیلوں میں شامل نوجوانوں کیلئے کھیلول کا ایک معقول حصہ کیری کولم کا حصہ بنا دیا جائے۔ اس موقع پر رکن پنجاب اسمبلی ڈاکٹر نجمہ افضل خاں نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستانی خواتین نے زندگی کے تمام شعبہ جات میں ملک کیلئے نیک نامی کمائی ہے اور خواتین کی کرکٹ ٹیم نے ماضی قریب میں بھارت میں ہونے والے T20ورلڈ کپ میں قابل قدرکارکردگی سے شائقین کو خاصا متاثر کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ کھیلوں کے ذریعے نوجوان اپنی جسمانی صحت کا خیال رکھتے ہوئے دوسرے لوگوں کی نسبت زیادہ فعال اور متحرک زندگی گزارتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ یونیورسٹی میں طالبات کیلئے کھیلوں اور اقامتی سہولیات سے خاصی متاثر ہیں اور حکومتی سطح پر ان کی بہتری کیلئے آنیوالی کسی بھی تجویز کی وہ بھرپور حمایت کریں گی۔ تقریب میں ہال وارڈن ڈاکٹر محمد امجد اولکھ‘ اور سنٹر فار ایڈوانسڈ سٹڈیز ایگریکلچرو فوڈ سیکورٹی کی پروگرام چیئربائیوٹیکنالوجی کی سربراہ ڈاکٹر بشریٰ سعدیہ بھی موجود تھیں۔

متعلقہ عنوان :