Live Updates

عمران خان عورتوں کو جلسوں میں شو پیس کے طور پر استعمال کر تے ہیں ،یہ وہ تبدیلی ہے جس کا نام لیا جا ر ہا تھا‘ عظمیٰ بخاری

تقریر کرنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا،اب مٹی پاؤ پالیسی نہیں چلے گی ،خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے ‘ رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور کی پریس کانفرنس

منگل 3 مئی 2016 21:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) مسلم لیگ (ن) کی رکن پنجاب اسمبلی و چیئرپرسن قائمہ کمیٹی برائے قانون و پارلیمانی امور عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا ہے کہ عمران خان عورتوں کو جلسوں میں شو پیس کے طور پر استعمال کر تے ہیں ،تقریر کرنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا،یہ وہ تبدیلی ہے جس کا نام لیا جا ر ہا تھا،اب مٹی پاؤ پالیسی نہیں چلے گی ،خواتین کے ساتھ بدتمیزی کرنے والے ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز ڈائریکٹوریٹ جنرل آف پبلک ریلیشنز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ حکومت پنجاب نے تحریک انصاف کے جلسے کے دوران خواتین سے بدتمیری کرنے سے متعلق ویڈیو نادرا کو بھیج دی ہے اور ملزمان جلد قانون کے کٹہرے میں ہوں گے ۔

(جاری ہے)

حکومت پنجاب ان بچیوں کو انصاف دلائے بغیر آرام سے نہیں بیٹھے گی ،اب بات جس سطح تک پہنچ گئی ہے اب یہ رکنے والی نہیں ، اب مٹی پاؤ پالیسی نہیں چلے گی ۔

انہوں نے کہا کہ متاثرہ خواتین کے (ن)لیگی ہونے کا الزام لگانے والوں کو شرم آنی چاہیے کیا کوئی عورت اپنے ساتھ اس طرح کی حرکات کروانا پسند فرمائے گی،میں یہ الزام لگانے والوں پر لعنت بھیجتی ہوں ۔ جتنی مرتبہ بھی خواتین کے ساتھ بدتمیزی کے واقعات ہوئے ہیں اس کے بعد پی ٹی آئی کی اپنی بنائی کمیٹیوں میں ثابت ہوا ہے کہ یہ وہ ان کے اپنے ہی لوگ تھے ۔

اب اگر اس بات پر خاموشی اختیار کی گئی تو آئندہ جلسے میں اتنا بڑا سانحہ ہوجائے گا کہ پھر پی ٹی آئی قیادت اور کارکن ایک دوسرے سے نظریں نہیں ملا سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان عورتوں کو جلسوں میں شو پیس کے طور پر استعمال کر تے ہیں ، لاہور کے جلسے میں پی ٹی آئی کی خواتین کے ساتھ جو سلوک ہوا ہے مجھے ایمنسٹی انٹرنیشنل اور جرمنی سے بھی فون کالز آئیں کہ یہاں خواتین کے حقوق کی یہ حالت ہے ۔

یہ وہ تبدیلی ہے جس کا نام لیا جا ر ہا تھا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جس خاتون نے خود تسلیم کیا کہ یہ ہمارے ہی کارکن تھے انہوں نے ہی اب ایف آئی آر درج کرادی ہے،ان بچیوں کی عزت پنجاب کی عزت ہے ، پی ٹی آئی کو اپنا گھر صاف نہیں کرنا آرہا تو ہم کریں گے،یہ صرف بدتمیزی نہیں ہوئی بلکہ بدتمیزی سے بہت بڑھ کر تھا۔عورتوں کی عزت کسی سیاسی پارٹی کے سربراہ سے بڑھ کر نہیں ہے ، اگر اس پر حکومت نے خاموشی اختیار کرلی تو آئندہ جلسے میں اتنا بڑا سانحہ ہوجائے گا کہ عمران خان کو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔

اگر ان ملزمان کو سزا نہ ملی تو سیاست کے دروازے بند ہو جائیں گے ،ہم ملزما ن کو بہت جلد ڈھونڈ کر سامنے لائیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی جانب سے شرم اور ڈھٹائی کا یہ عالم ہے کہ کسی ایک لیڈر کی جانب سے معذرت یا شرمندگی نہیں کی گئی ،پنجاب پو لیس کی وجہ سے ہی بچیاں خیریت سے اپنے گھروں کو پہنچ سکیں ،عمران خان تب لیڈر ہو تے جب وہ اپنے راستے سے واپس آتے اور ان کو بحفاظت گھروں تک پہنچاتے کیونکہ تقریر کرنے سے کوئی لیڈر نہیں بن جاتا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات