گورنرسندھ کی شاہراہ فیصل اور دیگر بڑی شاہراؤں پر موجود ہورڈنگز اور بل بورڈز کی تمام سائٹس کو نیلام کرنے کی ہدایت

بل بورڈز ،ہورڈنگز کی تمام سائٹس کی نیلامی سے شفافیت کو یقینی بنایا جاسکے گا، اس بارے شکایات کا بھی ازالہ ممکن ہوسکے گا،ڈاکٹرعشرت العباد خان

منگل 3 مئی 2016 21:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء)گورنرسندھ ڈاکٹر عشرت العبادخان نے شاہراہ فیصل اور دیگر بڑی شاہراہوں پر موجود ہورڈنگز اور بل بورڈز کی تمام سائٹس کو نیلام کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ انہیں قواعد کے مطابق کرنے کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں کے ریونیو میں بھی اضافہ کیا جاسکے۔یہ ہدایت انہوں نے ہورڈنگز اور بل بورڈز کے خاتمے کے سلسلے میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے دی ۔

پرنسپل سیکریٹری محمد حسین سید، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر ظہیر ملک ، سیکریٹری بلدیات نور محمدلغاری ، کمشنر کراچی سید آصف حیدہ شاہ ، میونسپل کمشنر سمیع الدین صدیقی اور بلدیہ عظمیٰ اور کنٹونمنٹ بورڈز کے متعلقہ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ بل بورڈز اور ہورڈنگز کی تمام سائٹس کے نیلامی سے شفافیت کو بھی یقینی بنایا جاسکے گا اور اس ضمن میں پائی جانے والی شکایات کا بھی ازالہ ممکن ہوسکے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ریونیو میں اضافے سے بلدیاتی ادارے زیادہ بہترطریقہ سے عوام کی خدمت کرسکیں گے۔گورنر سندھ نے اشتہارات کے سلسلہ میں تمام بلدیاتی اداروں اور بل بورڈز کے قواعد و ضوابط کو یکساں کرنے کیلئے قائم کمیٹی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ کمیٹی کی جانب سے اس ضمن مین مرتب کی گئی سفارشات خوش آئند ہیں۔ انہوں نے تمام مرکزی شاہراہوں کی جی پی ایس میپنگ (GPS Maping) کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ہورڈنگز اور بل بورڈز کو کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ سفارشات کے مطابق بنایا جاسکے۔

گورنرسندھ نے کہا ہے کہ خطرناک اور بوسیدہ ہورڈنگز اور بل بورڈز کا ہٹایا جانا اشد ضروری ہے کیونکہ یہ شہریوں کے جان و مال کیلئے مستقل خطرہ ہیں۔ اس کے علاوہ ہورڈنگز اور بل بورڈز کو قوانین کے مطابق سائز ، فاصلہ اور لوکیشن کے شرائط پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ عدالت عظمیٰ بھی اس مسئلہ میں پہلے بھی اپنی آبزرویشن دے چکی ہے جس پر عملدرآمد کیلے فوری اقدامات کئے جائیں ۔

گورنرسندھ نے کہا کہ یکساں ڈیزائن، بلندی ، چوڑائی اور پلاننگ کے بغیر لگائے گئے بل بورڈز اور ہورڈنگز خصوصاً بارشوں کے موسم میں بڑی تباہی کا باعث بن سکتے ہیں اور ان کے باعث ٹریفک حادثات بھی ہونے کا خطرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ بڑی شاہراہوں اورخصوصاً یکساں اور قواعد کے مطابق ہورڈنگز اور بل بورڈز لگانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ گھروں ، دکانوں اور شاپنگ پلازہ کی چھتوں پر لگے ہوئے ہورڈنگز بھی خطرے کا باعث ہیں ۔

گورنر سندھ نے انہیں فوری طور پر ہٹانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ چھتوں پر سے بل بورڈز اور ہورڈنگز ہٹانے میں کسی قسم کی تفریق نہ کی جائے ۔ انہو نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کے تحت اس سلسلہ میں جو مہم شروع کی گئی ہے اسے مزید موثر بنانے کی ضرور ت ہے تاکہ عوام کے لئے ممکنہ خطرے کا باعث بل بورڈز اور ہورڈنگز کو فوری طور پر ختم کیا جاسکے۔ اس موقع پر گورنر سندھ کو بتایا گیا کہ شہر کی مختلف شاہراہوں پر تمام غیر قانونی اور اجازت کے بغیر لگائے گئے ہورڈنگز ہٹائے جا چکے ہیں۔