شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور میں ایم ایس کے دو سیمیناروں کا انعقاد

منگل 3 مئی 2016 21:28

سکھر ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) شاہ عبداللطیف یونیورسٹی خیرپور کے شعبہ بائیو کیمسٹری کے زیرِ اہتمام ایم ایس کے دو سیمینار پروفیسر ڈاکٹر یاسمین فیض قاضی ڈین فیکلٹی آف نیچرل سائنسز کی زیرِ صدارت منعقد ہوئے۔ جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق دونوں سیمینارز میں محققین کی رہنمائی پروفیسر ڈاکٹر جان محمد میمن اور شریک رہنمائی پروفیسر ڈاکٹر محمد حسن خاصخیلی سربراہ شعبہ بائیو کیمسٹری نے کی۔

ایم ایس کا پہلا سیمینار محققہ فرح ناز میمن نے انسانی جسم میں پتھری کی ساخت کے عنوان پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پتھری ایک عام بیماری ہے، دوران تحقیق 60 مریضوں کو چیک کیا گیا جن کی عمریں عموماً 30 سے 44 سال کے درمیان تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ پتھری کی اصل وجہ کولیسٹرول کا بڑھ جانا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجویز دی کہ فزیشن، ماہرین خوراک اور ڈاکٹروں کو اس ضمن میں اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

ایم ایس کا دوسرا سیمینار محققہ مہرالنسا خلجی نے ضلع خیرپور کے ہسپتالوں میں پتھری کے حیاتیاتی کیمیا کے عنوان پر پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ بیماری معاشرے میں بڑھ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ پتھری پیشاب کی نالی میں پیدا ہوتی ہے جس کی انسانی صحت پر نہایت منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سال 2014-15ء میں ضلع خیرپور کے کل 40 مریضوں میں اس مرض کی تشخیص ہوئی جن میں یہ پتھری پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیشاب میں پتھری کا مرض بڑھ رہا ہے اس کیلئے اقدامات ناگزیر ہیں۔