اگر امریکہ سے فنڈز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان دیگر ممالک سے ایف 16 جہاز حاصل کر سکتا ہے، شکیل آفریدی کی حوالگی کے حوالے سے پاکستان نے امریکی دباؤ مسترد کر دیا

وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز کی میڈیا سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 21:26

اگر امریکہ سے فنڈز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان دیگر ممالک سے ایف 16 جہاز ..

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ اگر امریکہ سے فنڈز دستیاب نہ ہوئے تو پاکستان دیگر ممالک سے ایف 16 جہاز حاصل کر سکتا ہے، شکیل آفریدی کی حوالگی کے حوالے سے پاکستان نے امریکی دباؤ مسترد کر دیا ہے، وہ امریکہ کے لئے ہیرو ہوگا لیکن پاکستان کے لئے وہ ایک مجرم ہے، اس کے مشتبہ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ رابطے تھے۔

بھارت کی جانب سے ہتھیاروں کی دوڑ تشویشناک ہے ۔ گزشتہ روز یہاں جوہری عدم پھیلاؤ کے حوالے سے پاکستان کی کاوشوں کے بارے میں منعقدہ سیمینار کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سرتاج عزیز نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمے کے لئے جنگ میں مدد کے لئے امریکہ سے ایف 16 جنگی جہاز لینا چاہتا ہے۔

(جاری ہے)

اگر امریکہ کی جانب سے فنڈز کا انتظام نہ ہوا تو پاکستان کسی دوسرے ملک سے ایف 16 جہاز خریدے گا۔

گو کہ امریکہ نے جنگی جہازوں کے لئے فنڈز روکے ہیں تاہم وہ 26 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سالانہ پاکستان کو دے رہا ہے۔ سرتاج عزیز نے کہا کہ دوہا سے طالبان کا وفد اسلام آباد آیا ہوا ہے، اس قسم کے رابطے امریکہ، چین، افغانستان اور پاکستان پر مشتمل کوآرڈینیشن گروپ کی جانب سے افغانستان میں امن عمل کی بحالی کے مقصد کے لئے ہے۔ سرتاج عزیز نے بھارت کی جانب سے فوجی طاقت میں اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر اس پر نظر نہ رکھی گئی تو پاکستان مجبور ہوگا کہ وہ اپنی اسٹریٹجک طاقت میں اضافہ کرے۔

سرتاج عزیز نے کہا کہ حکومت نے شکیل آفریدی کی حوالگی کے حوالے سے امریکی دباؤ مسترد کر دیا ہے جس نے اسامہ بن لادن کی تلاش میں امریکہ کی مدد کی تھی۔ امریکہ کے لئے وہ ایک ہیرو ہے لیکن پاکستان کے لئے وہ ایک مجرم ہے۔ آفریدی کا مقدمہ ٹربیونل میں ہے، اس کے مشتبہ دہشت گرد تنظیموں کے ساتھ بھی رابطے تھے۔ انہوں نے اس سے قبل سیمینار سے بھی خطاب کیا۔