کراچی ،گورنمنٹ ڈگری بوائز اینڈ گرلز سائنس، آرٹس اینڈ کامرس کالج مراد میمن گوٹھ کا امتحانی مرکز منتقل کرنے کا حکم

منگل 3 مئی 2016 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری نے گورنمنٹ ڈگری بوائز اینڈ گرلز سائنس، آرٹس اینڈ کامرس کالج مراد میمن گوٹھ کے پرنسپل او رسابق سینٹر سپرنٹنڈنٹ غلام مصطفی راہو کی جانب سے امتحانی عمل میں غیرقانونی طور پر مداخلت کے بعد فوری کارروائی کرتے ہوئے اس امتحانی مرکز کو نزدیک ترین واقع گورنمنٹ ڈگری کالج قائد آباد جوگی موڑ میں شفٹ کرنے کے احکامات جاری کردیئے ہیں۔

یاد رہے کہ چیئرمین انٹربورڈ محمد اختر غوری نے ایک روز قبل کالج پرنسپل اور سینٹر سپرنٹنڈنٹ غلام مصطفی راہو کو فرائض سے غفلت برتنے اور امتحانی مرکز پر غیرتدریسی عملے کی تعیناتی پر فارغ کرتے ہوئے پروفیسر انصاری کو سینٹر سپرنٹنڈنٹ بنانے کے احکامات دیئے تھے ۔

(جاری ہے)

آج جب نئے سینٹر سپرنٹنڈنٹ اور ٹیچرز گورنمنٹ کالج مراد میمن گوٹھ پہنچے تو پرنسپل غلام مصطفی راہو نے ٹیچنگ اسٹاف کو ان کے فرائض کی ادائیگی سے روکا جس کے بعد ڈپٹی کنٹرولر کی سربراہی میں انٹربورڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر امتحانی عمل کو پرسکون انداز میں مکمل کروایا۔

انٹربورڈ کے چیئرمین اختر غوری نے آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کیلئے سخت اقدامات کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے سیکرٹری وزیراعلیٰ سندھ برائے بورڈز اور یونیورسٹیز اقبال حسین درانی کو خط لکھ دیا ہے ۔دریں اثناء اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی ویجیلینس ٹیم نے منگل کو بھی امتحانی مراکز کا اچانک دورہ کیا۔

انٹربورڈ کے چیئرمین محمد اختر غوری کی سربراہی میں امتحانی مراکز کا دورہ کرنے والی اعلیٰ اختیاراتی ٹیم میں ڈائریکٹر جنرل کالجز ڈاکٹر ناصر انصار، ڈائریکٹر جنرل پرائیویٹ انسٹیٹیوشنزمنسوب حسین صدیقی، محمد عمران خان چشتی، قائم مقام ناظم امتحانات زرینہ راشد، قائم مقام سیکریٹری محمد عظیم احمد، پروفیسر فیروزالدین صدیقی، پروفیسر عامر اﷲ اور میڈیا کے نمائندے بھی شامل تھے۔

ٹیم نے جن امتحانی مراکز کا دورہ کیا ان میں گورنمنٹ پی ای ایس ایچ گرلز کالج اور گورنمنٹ ایس ایم آرٹس کالج شامل تھے۔اعلیٰ اختیاراتی ٹیم کے اچانک دوروں کے دوران کوئی امیدوار نقل کرتا ہوا نہیں پکڑا گیاالبتہ کئی طلباء سے نقل کا مواد برآمد ہوا۔ چیئرمین بورڈ محمد اخترغوری نے گورنمنٹ ایس ایم آرٹس کالج میں پچھلے سال کے مقابلے میں اچھے انتظامات ہونے پر کالج پرنسپل پروفیسر حفیظ الرحمن کو تعریفی سند دینے کا بھی اعلان کیا۔

متعلقہ عنوان :