ملک میں احتساب کا عمل2016سے شروع کرکے1947تک سب کا احتساب کیاجائے،سراج الحق

قوم کا ایک بھی روپیہ کھانے والے سے رقم واپس لے کر خزانہ میں لوٹا ئی جائے گی، امیر جماعت اسلامی

منگل 3 مئی 2016 21:00

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں احتساب کا عمل2016سے شروع کرکے1947تک سب کا احتساب کیاجائے اور سب سے پہلے میرے اور جماعت اسلامی کے وزراء اور ارکان پارلیمنٹ کا کیا جائے۔یہ لوگ اب تک ہونے والی چوری پر مٹی ڈال کر آئندہ احتیاط کا کہتے ہیں لیکن میں کہتا ہوں کسی بھی جماعت کے کسی بھی لیڈر کو نہیں چھوڑا جائے گا اور قوم کا ایک بھی روپیہ کھانے والے سے رقم واپس لے کر خزانہ میں لوٹا ئی جائے گی۔

نواز شریف اگر 1947سے احتساب کریں گے تو ان کی باری قیامت تک بھی نہیں آئے گی۔وہ تھل دیر بالا میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔جلسہ سے مرکزی نائب امیر میاں محمد اسلم،صوبائی امیر مشتاق احمد خان ،ضلع ناظم دیر بالا اور جماعت اسلامی کے ممبر قومی اسمبلی و پارلیمانی لیڈر صاحبزادہ طارق اﷲ، رکن صوبائی اسمبلی محمد علی نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

سراج الحق نے کہا کہ پاکستان میں امریکہ کے سفیر کو سکھر یونیورسٹی کے طلبہ سے خطاب کی اجازت ہے لیکن تبلیغی جماعت کے مولانا طارق جمیل کو طلبہ کو درس دینے کی اجازت نہیں حالانکہ امریکی سفیر کہتے ہیں کہ اپنے ناموں سے لفظ محمد ہٹا دو ہمارے کمپیوٹر ایسے ناموں کو قبول نہیں کرتے۔ انھوں نے کہا کہ میں نے تبلیغی جماعت کے سربراہ مولانا عبدالوہاب کو خط لکھا ہے جو انھوں نے اپنے شوریٰ میں پڑھ کر سنایا۔

میں نے ان کو پیشکش کی ہے کہ دعوت و تبلیغ کے خلاف اٹھنے والے ہاتھ کو جماعت اسلامی توڑ دے گی۔سراج الحق نے کہا کہ میں پاکستان کے ججوں کے ہاتھ میں انگریز قانون کی کتاب کو نہیں مانتا کوئی اس کو بغاوت کہتا ہے تو میں یہ بغاوت کرتا رہوں گا۔انھوں نے کہا کہ ہمارے پاس قومی ایجنڈہ ہے جس کے تحت ملک میں ہر شہری کے لیے تعلیم اور علاج کی سہولتیں مفت ہوں گی تمام بے گھر لوگوں کو گھر دیے جائیں گے،بڑھاپاا لاؤنس ملے گا اور بے روزگار نوجوانوں کو روزگار الاؤنس دیا جائے گا۔

سراج الحق نے کہا کہ ہم سینہ تان کر بات اس لیے بات کرتے ہیں کہ ہمارا دامن صاف ہے میں اپنے ان ارکان اپرلیمنٹ کے بارے میں بھی دعوے سے کہتا ہوں کہ ان پربھی کرپشن کا کوئی الزام نہیں جو فوت ہو ئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ حکمران طبقہ اسلام اور قانون کے ساتھ مذاق کرتا ہے۔انھوں نے گستاخ رسولﷺ کے قاتل ممتاز قادری کو پھانسی دی اور لاہور میں دن دیہاڑے دو افراد کو قتل کرنے والے امریکی سفیر کو عزت کے ساتھ رہا کرکے واپس بھجواتے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف مسجد نبوی میں نواز شریف مردہ باد کے نعرے لگے ہیں اب ان کوکوئی نہیں بچا سکتا۔ یہ چاروں طرف سے پھنس گئے ہیں اب ٹیلی ویژن پر آکر تقریریں کرتے ہیں کہ چوری میں نے نہیں میرے بیٹوں نے کی ہے۔انھوں نے کہا کہ مال و دولت میں تمھارے وارث اگر چور ہیں تو ان کی چوری سے آپ کیسے بری الذمہ ہوسکتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے سیاستدانوں کے اثاثے ظاہر کیے ہیں میں حیران ہوں کہ ان کے70اور60کروڑ کے کئی کئی گھر ہیں۔

وزیر تو میں بھی دو مرتبہ رہا ہوں اور بیک وقت خزانہ سمیت کئی کئی محکمے میرے پاس تھے لیکن وزارت چھوڑ کر جب گھر جا رہا تھا تواپنی موٹر کار بھی نہیں تھی۔ انھوں نے تھل کے عوام کی جانب سے سپاسنامہ کے جواب میں کہا کہ میں نے وزیر اعلیٰ سے یہاں کے جرگہ کی موجودگی میں کہا تھا کہ اس خطہ کے لوگ دین پر اور جنگل پر جا ن دینے والے ہیں۔1976 میں پیپلز پرٹی کی حکومت نے بمباری کرکے یہاں کے110لوگوں کو مارا تھا لیکن ان لوگوں سے جنگلات چھیننے میں ناکام رہی تھی یہ جنگل یہاں کے لوگوں کے ہیں یہاں کوئی کارخانہ اورسمندر نہیں یہاں صرف جنگل ہیں جس پر لوگ گزر اوقات کرتے ہیں۔

سینیٹ میں میں خود اور قومی اسمبلی میں طارق اﷲ اورصوبائی اسمبلی میں محمد علی اس کے لیے آواز اٹھائیں گے اور آپ کے خلاف لاٹھی اٹھنے اور گولی چلنے سے پہلے یہ پہلے مرے خلاف چلے گی۔انھوں نے کہا کہ جنگلات یہاں کے لوگوں کی ملکیت ہے صوبائی یا مرکزی حکومت کو یہ چھیننے نہیں دیں گے جس طرح ملاکنڈٖ کسٹم ایکٹ کو واپس لینے پر مجبور کیا گیا ان شاء اﷲ اگلی مرتبہ یہاں آؤں گا تو جنگلات آپ کے ہوں گے۔

انھوں نے کہا کہ وعدہ کے مطابق میں نے کلکوٹ نہر کی منظوری دلا کر افتتاح کر دیا ہے اس پر 71کروڑ روپے خرچہ آئے گا۔اس کے علاوہ پاتراک میں کالج کی بھی منظوری دی جا چکی ہے۔اب تھل تک موبائل ٹیلی فون بھی کام کرتا ہے۔انھوں نے کہا کہ اﷲ نے آپ لوگوں کو انتہائی میٹھا پانی دیا ہے باہر سے کڑوے پانی کا سوڈا واٹر مت منگوائیں سیدھی سادھی زندگی کو شعار بنائیں ۔میں نے آپ کو اسلامی حکومت کا ایجنڈا دیا ہے اگر ا سے حق سمجھتے ہیں تو میرا ساتھ دیں اور میرے ہاتھ مضبوط کریں میں نے کرپشن کے خلاف تحریک شروع کی ہے چوروں کو پاکستان سے بھگا کر دم لیں گے۔

متعلقہ عنوان :