ڈونلڈٹرمپ کے پاکستان اورمسلمانوں کے بارے گمراہ کن بیانات قابل مذمت ہیں‘پاکستان کو اندرونی طور پر کمزور کرنے کی سازشیں ہورہی ہیں‘سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کیلئے سب سے بڑاخطرہ ہے

امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصوداحمدکامنصورہ میں خصوصی اجلاس سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) امیرجماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمدنے ڈونلڈ ٹرمپ کے پاکستان بارے گمراہ کن بیانات اور مسلمانوں کے خلاف جذبات کے اظہار کو قابل مذمت قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ کی شر انگیز تقاریر اور پروپیگنڈے نے مسلمانوں کے خلاف نفرتوں کو عروج پر پہنچا دیاہے جس کی وجہ سے مسلمانوں کو نہ صرف تشدد کا نشانہ بنایاجارہا ہے بلکہ ان کی املاک اور عبادت گاہوں کو بھی نقصان پہنچایا جارہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں کی بدولت پاکستان امریکی کالونی بن چکا ہے۔نائن الیون کے واقعے کے بعد پاکستان اور اس کے عوام نے ناقابل تلافی نقصان برداشت کیا ہے۔50ہزار سے زائد جانوں کانذرانہ پیش کرنے کے ساتھ ساتھ 100ارب ڈالر سے زیادہ کاملکی معیشت کو دھچکا لگ چکا ہے۔

(جاری ہے)

اس کے باوجود گیڈربھبھکیوں سے ڈرانے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔میاں مقصود احمد نے مزیدکہاکہ پاکستان تاریخ کے نازک ترین دور سے گزررہا ہے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت اندرونی اختلافات اور خلفشار کو ہوادی جارہی ہے۔سیاسی عدم استحکام ملکی سلامتی کے لئے سب سے بڑاخطرہ ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران ہوش کے ناخن لیں اور ایسی پالیسیاں مرتب کریں جن سے واقعی عوام کو ریلیف اور ملکی مفاد کو مقدم رکھاجائے۔

انہوں نے کہاکہ جب تک آئی ایم ایف،ورلڈ بنک سے چھٹکارہ اور قرضوں سے نجات حاصل نہیں کرلی جاتی امریکی غلامی سے آزادی ممکن نہیں۔وسائل سے مالامال ملک میں صرف محب وطن قیادت کافقدان ہے جو عوام کی فلاح وبہبود اور ملک کی ترقی کوترجیح دیتے ہوئے اقدامات کرے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ پاکستان کو ترنوالہ سمجھنے والے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں۔ضرورت پڑی توبڑی سے بڑی قوت سے بھی ٹکرانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔پاکستانی عوام میں جذبہ ایمانی کی کوئی کمی نہیں۔سیاسی وعسکری قیادت عوام کے جذبات کی ترجمانی کرے۔