وزیر اعلی پنجاب کی خصوصی ہدایت پرکھیوڑہ کے دس ہزار موروثی مزارعین میں بارہ ہزار کنال اراضی کے مالکا ن حقوق کا اعلان

16کروڑ 38 لاکھ روپے کی مالیت سے پنن وال کھیوڑہ واٹر سپلائی سکیم کی منظوری،گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کھیوڑہ کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان

منگل 3 مئی 2016 20:49

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر معدنیات پنجاب چوہدری شیر علی خان نے کھیوڑہ کی عوام کا درینہ مطالبہ پورا کرتے ہوئے وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پرکھیوڑہ کے دس ہزار موروثی مزارعین میں بارہ ہزار کنال اراضی کے مالکا ن کا حقوق کے سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔ اس کے علاوہ 16کروڑ 38 لاکھ روپے کی مالیت سے پنن وال کھیوڑہ واٹر سپلائی سکیم کی منظوری کا بھی اعلان کیا گیا جس سے کھیوڑ ہ کی 64 ہزار آبادی کو فائدہ ہو گا۔

اس کے علاوہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کھیوڑہ کی اپ گریڈیشن کا بھی اعلان کیا گیا۔ مالکان حقوق کے کاغذات کی تقسیم اور پینے کے صاف پانی کی سکیم کی منظور ی کا اعلان میونسپل کمیٹی کھیوڑہ میں منعقدہ ایک تقریب میں کیا گیا جس میں ڈی سی او جہلم اقبال حسین خان، پنجاب پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و امور پارلیمان نذر حسین گوندل، رہنما مسلم لیگ (ن) نوابزادہ مطلوب مہدی کے علاوہ علاقہ کے رہائشیوں کی کثیر تعداد شریک ہوئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے، وزیر معدنیات پنجاب چوہدری شیر علی خان نے کہاکہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت پسماندہ علاقوں کی عوام کے مسائل کے حل کیلئے یکساں توجہ دے رہی ہے تاکہ ملک میں ہونیوالی معاشی ترقی کے ثمرات تمام علاقوں میں یکساں طور پر پہنچ سکیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک چائنہ اقتصادی راہداری کا قیام ایک انقلابی منصوبہ ہے جس سے ملک میں ترقی کا ایک نیا دور شروع ہو گا اور ترقی کے اس عظیم منصوبہ میں رکاوٹ ڈالنے والے ملک میں ترقی کے دشمن ہیں۔

انہوں نے کہاکہ سالٹ رینج میں معدینات کے ذخائر سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے اس علاقہ میں انڈسٹری کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے تاکہ ویلیو ایڈیشن سے معدنیات زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھا یا جاسکے۔ وزیر معدنیات چوہدری شیر علی خا ن نے کہاکہ چین پاکستان کادرینہ دوست ہے اور پاکستان میں 44 ارب ڈالر کی سر مایہ کاری کا اعلان کیا ہے جس میں سے 33ارب ڈالر کی سرمایہ کاری توانائی کے شعبہ میں کی جا رہی ہے جس سے 2018 تک توانائی کے بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔

انہوں نے کہاکہ کان کنوں کے مسائل کے حل کیلئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں سرگودھا میں کان کنوں کیلئے جدید ہسپتا ل اور کان کنوں کے بچوں کیلئے بہترین سکول کا قیا م عمل میں لایا گیا ہے اور اسی نوعیت کے اقدامات دیگر شہروں بشمول کھیوڑ ہ میں کئے جا ئیں گے۔ڈی سی او جہلم اقبال حسین خا ن نے کہاکہ پنڈ دانخان اور کھیوڑہ میں ترقی کے سفر میں عوامی نمائندوں نے اہم کردار ادا کیا ہے اور انتظامیہ نے بھی اپنا کردار بھر پور اندا ز میں ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کھیوڑہ میں اپ گریڈیشن کے بعد کلاسوں کا آغاز اسی بر س کیا جائیگا۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و امو ر پارلیمان نذر حسین گوندل نے کہاکہ پنڈ دانخان سیلاب سے جب بھی متاثر ہوا پنجاب حکومت متاثرین کی فوری مدد کو پہنچی اور حکومتی وزراء اپنی عیدین بھی سیلاب متاثرین کے ساتھ مناتے رہے۔ انہوں نے کہاکہ سیلا ب سے متاثرہ 35سٹرکوں کی تعمیر اسی سال ستمبر تک مکمل ہو جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ پنڈدانخان پولی ٹیکنک انسی ٹیوٹ اور پنڈ دانخان میں یو ای ٹی ٹیکسلا کے سب کیمپس کا آغاز آئندہ مالی سال میں کر دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :