الزام تراشی نہیں خواتین سے بدسلوکی کرنیوالوں کو پکڑ کر سزا دیں‘پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین

ماڈل ٹاؤن کا واقعہ ہو یا جلسہ عام (ن) لیگ نے ہمیشہ خواتین کے حقوق سلب کیے‘آمنہ الفت کی پریس کانفرنس

منگل 3 مئی 2016 20:49

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) خواتین کے ساتھ ناروا سلوک کرنیوالوں کو فوری گرفتار کیا جائے، ن لیگ اور تحریک انصاف ایک دوسرے کے خلاف الزام تراشی بند کریں، شرپسند عناصر کسی بھی پارٹی کے ہوں ایماندار پولیس افسروں سے تفتیش کے ذریعہ ان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائے ورنہ پاکستان مسلم لیگ سمیت تمام شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین اگلے ہفتے احتجاج کا سلسلہ شروع کریں گی۔

ان خیالات کا اظہار آرگنائزر پاکستان مسلم لیگ شعبہ خواتین لاہور و سابق ایم پی اے آمنہ الفت اور دیگر رہنماؤں نے یہاں مسلم لیگ ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر زیبا حسن، تمکین آفتاب، سمیرا نواز، مسرت اختر اور دیگر خواتین رہنما موجود تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ خواتین کے حقوق کے تحفظ کا دعویٰ سب پارٹیاں کرتی ہیں مگر خواتین کے حقوق کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے سوا کسی نے کبھی کچھ نہیں کیا۔

چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویزالٰہی نے خواتین کو ان کے حقوق اور باوقار مقام دیا اور شعبہ کے علاوہ ہر سطح پر خواتین کی نمائندگی میں اضافہ کو یقینی بنایا، قوم خواتین بناتی ہیں مگر ن لیگ کے دور میں خواتین کی بے حرمتی کی جا رہی ہے، ہمیشہ ان کے حقوق سلب کیے گئے، ماڈل ٹاؤن کا واقعہ ہو یا لاہور میں جلسہ عام، ن لیگ نے کبھی خواتین کا احترام نہیں کیا، یہ واحد جماعت ہے جس نے صوبے میں خواتین کی نصف آبادی ہونے کے باوجود انہیں گھروں میں بیٹھنے پر مجبور کر دیا ہے، شہبازشریف نے 8سال میں لاہور پر جنگلہ بس اور مالٹا ٹرین مسلط کر دی ہے، وہ ان کے پیچھے لگے ہیں، عوام کی جان و مال کی حفاظت کا کوئی ذمہ دار نہیں۔

انہوں نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی نے ایک باپ کی طرح صوبہ کو چلایا، خواتین سمیت ہر شعبہ خوشحال تھا، ایمرجنسی سرجیکل ٹاور میو ہسپتال، وزیرآباد کارڈیالوجی ہسپتال، برن سنٹر جناح ہسپتال سمیت کتنے ہی ایسے پراجیکٹ ہیں جو چودھری پرویزالٰہی نے شروع کیے لیکن شہبازشریف نے ان کو بند کر دیا۔ چودھری پرویزالٰہی نے صوبہ میں 48چھوٹے ڈیمز بنائے، کالاباغ ڈیم ان حکمرانوں سے نہیں بن سکتا لیکن انہوں نے تو چھوٹے ڈیمز بھی نہیں بنائے۔ انہوں نے کہا کہ فوج میں احتساب ہو سکتا ہے تو وزیراعظم اور ان کے خاندان کا کیوں نہیں، خواتین جب اپنے حقوق کیلئے باہر نکلیں تو نوازشریف اور شہبازشریف کو اقتدار کے ایوانوں سے باہر نکال دیں گی۔

متعلقہ عنوان :