آج ہر صحافی قلم کی حرمت کا پاس رکھنے کا عہد کرے،حسنین عباس زیدی

بول ٹی وی اورروزنامہ جناح کراچی کے ملازمین کو فوری تنخواہیں اداکی جائیں، عالمی یوم صحافت پر سیمینار سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 20:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) پاکستان صحافی الائنس کے صدر حسنین عباس زیدی نے عالمی یوم صحافت پرمنعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آج کے دن ہم قلم کی حرمت کا پاس رکھنے کا عہد کریں اس عزم کے ساتھ کہ ہماراقلم ہمیشہ سچ لکھے گااور ہماراکیمرہ حق دکھائے گا،ہم ہمیشہ کی طرح باطل قوتوں کے خلاف سینہ سپر رہیں گے اور ہماراقلم کسی سرمایہ دارکے لئے نہیں بلکہ جھوٹ، نفرت، ریاکاری اور چوربازاری کا پردہ فاش کرنے کے لئے اٹھے گا۔

انہوں نے کہاکہ فی زمانہ صحافی برادری گوناگوں مسائل سے دوچارہے ،ایک طرف وہ طبقہ ہے جو حقداروں کا استحصال کرتے ہوئے ان کے حقوق غصب کررہاہے اور دوسری طرف ایک طبقہ وہ ہے جو سچ لکھنے اور سچ بولنے کی پاداش میں جبر کا شکارہے اور اپنی عزت نفس کی خاطر خاموش ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ پاکستان صحافی الائنس ایسے تمام صحافیوں کو دعوت عام دے رہاہے جن کے حقوق غصب کئے جارہے ہیں وہ ہمارے اس پلیٹ فارم سے اپنے حقوق کی جدوجہد کریں ۔

انہوں نے مطالبہ کیاکہ بول ٹی وی اورروزنامہ جناح کراچی کے ملازمین کو فوری تنخواہیں اداکی جائیں۔نڈراور بے باک صحافی اقرارالحسن پر قائم تمام کیس خارج کئے جائیں۔اس موقع پر جمیل اقبال سیّد، شبیر حسین جعفری، واحد علی خان، اقبال ٹائیگر، ڈاکٹر طار ق عثمانی، شہر یار خان، سلمان علی، شہزاد احسن، عمران علی، سہیل امین، نوشاد عمرانی، فرقان شاہ ، محمد اکبر ، محمد اشرف، آر بی ویلفیئر فاؤنڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر بشیر احمد شیخ، فریال بشیر، فرحان بشیر، دی فوسٹر ویلفیئر کے چیئرمین طار ق عثمانی، سخی لجپال ویلفیئر آرگنائزیشن کے چیئرمین میڈم روزینہ، محمد شہزاد، کشف، حنا،محمد طفیل ، فیروز خان، جوائین ہیر آرگنائزیشن کی سبین میمن، سیانی ویلفیئر کے چیئرمین یونس سیانی، وائس چیئرمین فاطمہ میمن، جنرل کونسلر روز خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :