ہم احتساب کروانا چاہتے ہیں، اپوزیشن احتساب رکوا رہی ہے، ٹی او آرز اے ٹی ایم مشینوں کو بچانے کیلئے بنائے گئے، بڑے بڑے شرفاء نے قرضوں کو معاف کروایا ، اپوزیشن کو قرضہ معاف کرانے والی شق سے ڈر نہیں تھا تو کیوں نکالا گیا، سڑکوں پر نکلنے والے ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، قوم ایسے ٹی او آرز کو قبول نہیں کرے گی

مسلم لیگ (ن) کے رہنما طلال چوہدری کااپوزیشن جماعتوں کے اجلاس پرردعمل کا اظہار

منگل 3 مئی 2016 20:37

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اوررکن قومی اسمبلی طلال چوہدری نے کہا ہے کہ ہم احتساب کروانا چاہتے ہیں لیکن اپوزیشن احتساب رکوا رہی ہے، ٹی او آرز اے ٹی ایم مشینوں کو بچانے کیلئے بنائے گئے، بڑے بڑے شرفاء نے قرضوں کو معاف کروایا ہے، اپوزیشن کو قرضہ معاف کرانے والی شق سے ڈر نہیں تھا تو کیوں نکالا گیا، نیا ٹی او آرز شامل کیا جا سکتا ہے نکالا نہیں جا سکتا۔

منگل کو پانامہ لیکس کے معاملے پر اپوزیشن جماعتوں کے اجلاس پر رد عمل دیتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ اپوزیشن کے ٹی او آرز میں کوئی نئی بات نہیں کی گئی، وزیراعظم تو پہلے ہی خود کو اور بچوں کواحتساب کیلئے پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن لون رائٹ آف نکالنا چاہتی ہے، قرضوں کی معافی اپوزیشن کا مشترکہ مسئلہ ہے۔

(جاری ہے)

طلال چوہدری نے کہا کہ بڑے بڑے شرفاء نے قرضوں کو معاف کروایا ہے، قرضہ معاف کرانے والوں کو معافی نہیں ملے گی، آج ٹی او آرز اے ٹی ایم مشینوں کو بچانے کیلئے بنائے گئے۔

انہوں نے کہا کہ سڑکوں پر نکلنے والے ہمیں دھمکیاں دے رہے ہیں، قوم ایسے ٹی او آرز کو قبول نہیں کرے گی، اپوزیشن خوفزدہ کیوں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو قرضہ معاف کرانے والی شق سے ڈر نہیں تھا تو کیوں نکالا گیا، نیا ٹی او آرز شامل کیا جا سکتا ہے نکالا نہیں جا سکتا۔ مسلم لیگ (ن) کے رہنماء طلال چوہدری نے کہا کہ ہم معاملے کو سلجھانا چاہتے ہیں، اپوزیشن احتساب رکوا رہی ہے، ہم احتساب کروانا چاہتے ہیں، یہ لوگوں کو بے وقوف بناتے ہیں پارلیمنٹ سمیت ہر فورم پر جانے کو تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے کہہ دیا ہے کہ احتساب مجھ سے شروع کیا جائے۔