بچوں اور عورتوں میں خوراک کی کمی کے حوالے سے محکمہ پی اینڈ ڈی میں کانفرنس کا انعقاد

منگل 3 مئی 2016 20:19

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء)حکومت پنجاب محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ، ورلڈ بنک اور پالیسی اینڈ سٹریٹجی پلاننگ یونٹ محکمہ ہیلتھ پنجاب کے باہمی اشتراک سے بچوں اور عورتوں میں خوراک کی کمی کے حوالہ سے کانفرنس گزشتہ روز محکمہ پی اینڈ ڈی میں منعقد کی گئی۔ اس کانفرنس میں مائیکرو نیوٹرینٹ انیشی ایٹو اقوام متحدہ کے نمائندے (WFP)، (UNICEF)، (WHO) اور (DIFID)اور WBکے نمائندے شریک ہوئے۔

ڈاکٹر شبانہ حیدر ممبر صحت ادارہ ترقی و منصوبہ بندی پنجاب نے تمام شرکاء کو افتتاحی تقریب میں خوش آمدید کہا۔ انہوں نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اپنی آبادی خاص طور پر عورتوں اور بچوں کی غذائی ضروریات کو بہتر انداز میں پورا کرنے کے عزم کے ساتھ کوشاں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ غذائیت ہمیشہ سے عدم توجہی کا شکار رہی ہے حالانکہ اس کی اہمیت کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا کیونکہ صحت مند ماں اور بچے ہی ملکی معاشی ترقی میں بہتر رول ادا کر سکتے ہیں۔

عرصہ دراز سے پورے ملک میں اور خصوصاً پنجاب میں غذائی انڈیکٹر میں مزید بہتری کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب نے ہر سطح پر غذائیت کے مسئلے کو حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے اور اسی سلسلے میں آج غذائیت کے شعبہ میں کام کرنے والی انٹر نیشنل ایجنسیوں اور اقوام متحدہ کے اداروں کو اکٹھا کیا گیا ہے اس گول میز کانفرنس کا مقصد یہ ہے کہ تمام ادارے مل کر اس غذائی قلت کا مقابلہ کریں اور اپنے اپنے دائرہ اختیار اور اہمیت کے حامل کام کو اجاگر کریں تاکہ ایک متفقہ حکمت عملی کے تحت مل کر اس غذائیت کی کمی کو دور کیا جا سکے اور وسائل کو بہتر طور پر استعمال کیا جا سکے۔

ممبر پی اینڈ ڈی نے آخر میں کانفرنس کے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خوراک اور اچھی غذا تمام لوگوں کا حق ہے اور اقوام متحدہ ‘ڈونرز اورسول سوسائٹی گورنمنٹ کے ساتھ اشتراک بڑھا کر غذائیت کی کمی کو دور کرنے کیلئے عملی اقدامات کو بصورت ممکن بنائیں گے۔