جنو بی پنجاب اور بعض دیگر اضلاع میں سکول جانیوالی ہائی سکول کی طالبات کو دیئے جانیوالے وظیفے کی رقم بڑھانے کی منظوری

مزدوری معصوم بچوں کا مقدر نہیں، ان کے ہاتھ میں کتاب اور قلم دینگے،طلباء خصوصاً طالبات کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو سکولوں میں داخلے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں ، ورکشاپس ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکول جانے پر خدمت کارڈ کے ذریعے مالی معاونت کی جائے گی،قوم کے مستقبل پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے نتائج کے حصول کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا جائے‘وزیراعلیٰ شہبازشریفکا اجلاس سے خطاب

منگل 3 مئی 2016 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مزدوری معصوم بچوں کا مقدر نہیں بلکہ علم کی دولت حاصل کرنا ان کی منزل ہے، ان کے ہاتھ میں کتا ب اور قلم دیں گے، ہر بچے اور بچی کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنا ہماری ذمہ داری ہے جس کے حصول کے لئے جامع پروگرام پر عمل پیرا ہیں، پنجاب کے ہر بچے کو حصول تعلیم کیلئے سکولوں میں لانے کی غرض سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ، معیاری تعلیم ہر بچے کا حق ہے اور ہمیں انہیں یہ حق لوٹانے کے لئے دن رات محنت کرنا ہو گی اور قوم کو نو نہالوں کو علم کے زیور سے آراستہ کرنا ہو گا ،اینٹوں کے بھٹوں کے بعد ورکشاپوں ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکول میں لایا جائے گااور چائلڈ لیبر کا ہر صورت خاتمہ کیا جائے گا،ورکشاپس ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں پر کام کرنے والے بچوں کی سکول جانے پر خدمت کارڈ کے ذریعے مالی معاونت کی جائے گی۔

(جاری ہے)

یہ بات انہوں نے معیار ی و جدید علوم کے فروغ کے حوالے سے تعلیمی اصلاحات پروگرام پر پیشرفت کا جائزہ لینے کے لئے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی- اجلاس میں اصلاحاتی پروگرام پر پیشرفت، سکولوں میں تعلیم کے فروغ، اضافی کمروں کی تعمیر اور انرولمنٹ بڑھانے کے لئے مختلف تجاویز کا جائزہ لیا گیا۔جنوبی پنجاب اور بعض دیگر اضلاع میں سکول جانے والی ہائی سکول کی طالبات کو دیئے جانے والے وظیفے کی رقم بڑھانے کی منظوری دی گئی۔

وزیراعلی محمد شہباز شریف نے کہا کہ قوم کے معماروں کو زیور تعلیم سے آراستہ کرنے کیلئے ہرممکن وسائل دیئے جا رہے ہیں۔اینٹوں کے بھٹوں کے بعد ورکشاپوں، پٹرول پمپوں اور ہوٹلوں پر کام کرنے والے بچوں کو سکولوں میں لایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ محنت مزدوری کرنے والے بچوں کے سکولوں میں داخلے کے لئے حکمت عملی وضع کی جا رہی ہے - وزیر اعلی نے ہدایت کی ایسے بچوں کے سکول داخلے کے ہدف کو پورا کرنے کے لئے فوری اقدامات شروع کئے جائیں اورقوم کے مستقبل پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے حوصلہ افزاء نتائج کے لئے جدت اور محنت سے کام کیا جائے ۔

وزیراعلیٰ نے سکولوں میں سو فیصد انرولمنٹ یقینی بنانے کے لئے کئی ایک اہم فیصلوں کی منظوری دیتے ہوئے کہا کہ طلباء خصوصاً طالبات کی زیادہ سے زیادہ تعداد کو سکولوں میں داخلے کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں - قوم کے مستقبل پر اربوں روپے کی سرمایہ کاری کے نتائج کے حصول کے لئے محنت اور لگن سے کام کیا جائے- تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے تعین کردہ اہداف پر عملدرآمد کرکے نتائج کا حصول یقینی بنانا متعلقہ وزیر اور محکموں کی ذمہ داری ہے - انہوں نے کہا کہ معیاری اور جدید علوم کا فروغ روشن مستقبل کی ضمانت ہے اور اس سے بڑھ کر کوئی اہم کام نہیں ہو سکتا - طلباء وطالبات کے لئے جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے مہیا کریں گے - انہوں نے کہا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن اور عدم دستیاب سہولتوں پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کی استعداد کار میں اضافے کے لئے فوری اقدامات کئے جائیں - طالبات کو زیادہ سے زیادہ تعداد میں سکولوں میں داخلے کے لئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں - وزیراعلی نے کہا کہ تعلیمی شعبے کی بہتری کے لئے تعین کردہ اہداف پر عملدرآمد کر کے نتائج کا حصول یقینی بنانا متعلقہ وزیر اور محکموں کی ذمہ داری ہے -معیاری تعلیم کا فروغ روشن مستقبل کی ضمانت ہے - ہر بچے اور بچی کو زیورتعلیم سے آراستہ کرنا ہمارا ہدف ہے جس کے حصول کے لئے محنت سے آگے بڑھنا ضروری ہے - وزیر اعلی نے کہا کہ سکولوں کی اپ گریڈیشن اور عدم دستیاب سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کئے جا رہے ہیں - سیکرٹری سکولز ایجوکیشن نے سکولوں میں معیاری تعلیم کے فروغ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی-صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن رانا مشہود احمد، ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، چیئرمین پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن ایم پی اے انجینئر قمر الاسلام ، ماہرین تعلیم اور اعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :