وزیراعلیٰ پنجاب سے ڈی جی ورلڈٹریڈ آرگنائزیشن کی ملاقات، چائلڈ لیبر کے خاتمے،مختلف شعبوں میں فنی معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی

ڈبلیو ٹی او کی جانب سے مختلف شعبوں میں مہارت اور فنی معاونت کی فراہمی کا خیر مقدم کرینگے، محمد شہبازشریف کی گفتگو محمد شہباز شریف نے صوبے میں عوام کی فلاح کیلئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں، پنجاب حکومت کیساتھ پارٹنرشپ مزید بڑھائینگے‘ڈی جی ڈبلیوٹی او

منگل 3 مئی 2016 20:13

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے ورلڈٹریڈ آرگنائزیشن کے ڈائریکٹر جنرل روبرٹوایزی ویڈونے ملاقات کی جس ڈبلیو ٹی او نے پنجاب حکومت کو چائلڈ لیبر کے خاتمے اور مختلف شعبوں میں فنی معاونت کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی۔ ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ٹی او نے وزیر اعلی شہباز شریف کو سماجی شعبوں خصوصا تعلیم ، چائلڈ لیبر کے خاتمے اور انفارمیشن ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کرنے پر مبارکباد دی اور کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف نے صوبے میں عوام کی فلاح و بہبود کے لئے موثر اقدامات اٹھائے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ پارٹنرشپ کو مزید بڑھائیں گے۔ پاکستان درست سمت میں آگے بڑھ رہا ہے۔ سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی ترقی کے لئے اچھی اصلاحات کی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے سازگار فضا موجود ہے۔ وزیر اعلی محمد شہباز شریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں اور حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں فراہم کر رہی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبے میں شفافیت اور اعلی معیار سے منصوبوں کی تکمیل کے کلچر کو پروان چڑھایا ہے۔ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم کے تحت دیہی علاقوں کی اراضی کا تمام ریکار ڈ کمپیوٹرائزڈ کیا گیا ہے۔ اراضی کی کمپیوٹرائزیشن پنجاب حکومت کا ایک تاریخی کارنامہ ہے جس سے کرپشن کا دروازہ بند ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس تاریخی منصوبے پر 14 ارب روپے لاگت آئی ہے اور عالمی بنک نے بھی اس منصوبے کو دنیا میں بہترین قرار دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پرعزم انداز سے آگے بڑھ رہے ہیں۔ انہو ں نے کہا کہ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور کے تحت اربوں ڈالرز سے ہزاروں میگا واٹ بجلی کے منصوبے لگائے جا رہے ہیں۔ وفاقی و پنجاب حکومت اپنے وسائل سے گیس کی بنیاد پر 36 سو میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے لگا رہی ہیں ۔ان منصوبوں کی تکمیل سے 2018ء کے آغاز میں دس ہزار میگا واٹ بجلی نیشنل گرڈ میں شامل ہو گی جس سے توانائی بحران پر قابو پایا جا سکے گا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب حکومت سکل ڈویلپمنٹ کے ایک بڑے پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے جس کے تحت اب تک ہزاروں نوجوانوں کو مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق ہنرمند بنایا گیا ہے۔ جنوبی پنجاب کے 4 اضلاع سے شروع کئے گئے اس پروگرام کا دائرہ کار صوبے کے تمام اضلاع تک بڑھایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت معیاری تعلیم کے فروغ پر بھی خصوصی توجہ مرکوز کئے ہوئے ہے۔

پنجاب ایجوکیشنل انڈومنٹ فنڈ کے تحت ڈیڑھ لاکھ سے زائد مالی مشکلات سے دوچار ذہین طلبا و طالبات ملکی اور غیرملکی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ اسی طرح پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ذریعے بھی غریب گھرانوں کے 15 لاکھ سے زائد بچوں اور بچیوں کو معیاری تعلیم کے مواقع فراہم کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ڈبلیو ٹی او کی جانب سے مختلف شعبوں میں مہارت اور فنی معاونت کی فراہمی کا خیر مقدم کریں گے ۔

ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ٹی او نے وزیر اعلیٰ شہباز شریف کو جینوا کے دورے کی دعوت بھی دی ۔ وفاقی وزیر تجارت خرم دستگیر خان ، صوبائی وزیر معدنیات شیر علی خان ، ڈبلیو ٹی او کے ڈائریکٹر جنرل کی پالیسی و لیگلایڈوائزر جنگ ایگیانگ،ڈبلیو ٹی او میں پاکستان کے سفیر اور مستقل مندوب ڈاکٹر توقیر شاہ اور اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجو دتھے-