اپوزیشن کی وزیراعظم کے استعفے کی خواہش کبھی پوری نہیں ہوگی،شیخ آفتاب احمد

2018تک انتظار کریں اور فیصلہ عوام پر چھوڑیں،کے پی کے میں ظاہری طورپر کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی،میڈیا سے گفتگو

منگل 3 مئی 2016 20:13

نوشہرہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔03 مئی۔2016ء) وفاقی وزیرپارلیمانی امور شیخ آفتاب احمد نے کہا ہے کہ اپوزیشن ملک کی نہیں سوچتی اور ہمیشہ منفی سیاست کرنے کو ترجیح دیتے ہیں اپوزیشن کی صرف ایک ہی خواہش ہے کہ وہ وزیراعظم نوازشریف کو اقتدار سے الگ کریں لیکن اپوزیشن کی یہ خواہش کبھی بھی پوری نہیں ہوگی وہ 2018تک انتظار کریں اور فیصلہ عوام پر چھوڑیں اور موجودہ حکومت کو ملک کی ترقی وخوشحالی کیلئے کام کرنے دے کے پی کے میں ظاہری طورپر کوئی تبدیلی نظر نہیں آتی کیونکہ ابھی تک کوئی بھی ایسا منصوبہ سامنے نہیں آیا کہ ہم یہ کہہ سکیں کہ تبدیلی آگئی ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار وفاقی وزیر شیخ آفتاب احمد نے نوشہرہ میں ممتاز مسلم لیگی رہنماؤں خان پرویز اور نصرت اقبال کی والد کے وفات پر ان سے تعزیت کرنے کے موقع پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ 2013کے الیکشن کے نتائج بھی اپوزیشن نے تسلیم کرنے سے انکار کیا پھر دھاندلی کا الزام لگاکر اس پر بننے والا جوڈیشل کمیشن کے فیصلے سے بھی انکاری ہوگئے لیکن اﷲ کے فضل سے وقت نے ثابت کیا کہ 2013کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کی بدتری ہوگئی پھر اس کے بعد بلدیاتی، کنٹونمنٹ انتخابات میں بھی مسلم لیگ نے مینڈیٹ حاصل کی اور دودن قبل بلوچستان کے انتخابات کے نتائج بھی عوام کے سامنے ہیں انہوں نے کہا کہ جمہوری ملکوں میں فیصلے ایوانوں میں ہوتے ہیں سڑکوں پر نہیں اور پاکستان کے ایوانوں میں تمام سیاسی جماعتوں کی نمائندگی اور لیڈرشپ موجود ہے وہ ایوان میں آئے اوروہاں آکر بات کریں اور جب 2018کے الیکشن میں جائیں گے تو پھر قوم فیصلہ کرے گی کہ کس نے عوام کی خدمت کی ہے نعروں سے کچھ نہیں بنتا اس لئے میں اپوزیشن سے کہتا ہوں کہ خدارا ملک کا سوچیں اور اس ملک کے 20کروڑ عوام پررحم کھائیں اور ان منصوبوں کو مکمل ہونے دے جس سے ملک کی تقدیر بدل جائے گا اندھیروں کا خاتمہ ہوگا اور ملک امن کا گہوارہ بن جائے گا ملکی معیشت مضبوط ہوگی ترقی کے راستے کھل جائیں گے انہوں نے کہا کہ یہ ملک نوازشریف کی قیادت میں ترقی کی راہ پر گامزن ہوگا۔

متعلقہ عنوان :