افغان وفد جرمنی کے وفد کے ہمراہ جلد تعلیمی دورہ پر پاکستان آئے گا

منگل 3 مئی 2016 19:54

اسلام آباد ۔ 3 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔03 مئی۔2016ء) افغان وفد جرمنی کے وفد کے ہمراہ جلد تعلیمی دورہ پر پاکستان آئے گا۔ وفود کے دورہ سے تینوں ممالک کے تعلقات میں بہتری آئے گی۔ وزیر مملکت انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے منگل کو جرمنی کی سفیر اینی پپل نے ان سے دفتر میں ملاقات کی۔ اس موقع پر جرمنی کی سفیر نے وزیر مملکت کو بتایا کہ افغانستان کا ایک وفد جرمنی کے وفد کے ہمراہ تعلیمی مقصد اور تینوں ممالک کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے کے لئے پاکستان کا دورہ کرنا چاہتا ہے۔

وزیر مملکت نے انہیں خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ وہ خوود دونوں وفود کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے تعلقات بہتر ہو رہے ہیں اور تعلیم دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا بہترین ذریعہ ہے۔

(جاری ہے)

بلیغ الرحمن نے ٹیوٹ (ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشن) کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ ہم ٹیوٹ پروگرام کے دوسرے مرحلے میں ہیں۔

نصاب سازی کا عمل شروع کر دیاگیا ہے اور عمل درآمد کے مرحلے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز قبل وزارت منصوبہ بندی و اصلاحات نے 12نئے ٹیوٹ سکولوں کے لئے 50ملین روپے کی منظوری دی ہے جو کہ آئندہ سال تک مکمل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں تعلیم کی صورتحال تیزی سے بہتر ہو رہی ہے اور امید ہے کہ ہم مستقبل میں اس ڈی جنر کو حاصل کرنے میں کامیاب ہو جائیں گے۔ ملاقات کے موقع پر وفاقی سیکرٹری اور جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :